ناٹنگھم(سپورٹس لنک رپورٹ)کرکٹ کے عالمی کپ 2019 میں بارش کے سبب میچ منسوخ ہونے کا سلسلہ جاری ہے اور آج ٹورنامنٹ کی دو ناقابل شکست ٹیموں نیوزی لینڈ اور بھارت کے درمیان میچ میں بے نتیجہ ختم ہو گیا۔انگلینڈ میں ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ میں آج 19ویں ایک روزہ میچ میں ٹورنامنٹ کی دو مضبوط ٹیموں کا مقابلہ ہونا تھا۔تاہم ناٹنگھم میں وقفے وقفے سے جاری بارش کے باعث میچ کا ٹاس تک نہ ہوسکا جس کے باعث دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ مل گیا۔عالمی کپ میں اب تک بارش کی وجہ سے مختلف میچز متاثر ہوئے ہیں جبکہ اب تک مجموعی طور پر 4 میچ بارش کی نذر ہو چکے ہیں۔اس سے قبل برسٹل میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان شیڈول میچ کے بعد اسی مقام پر سری لنکا اور بنگلہ دیش کے درمیان مقابلہ بھی بارش کے سبب نہیں ہو سکا تھا۔جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان میچ شروع تو ہوا لیکن چند اوورز کے بعد شدید بارش کے سبب اس میچ میں بھی دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ پر اکتفا کرنا پڑا۔ورلڈ کپ میں اب تک نیوزی لینڈ کی ٹیم 4 میچز میں سے تمام میں کامیابی حاصل کرکے 7 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹ ٹیبل پر سرفہرست ہے تو وہیں بھارتی ٹیم بھی تین میچوں میں 5 پوائنٹس حاصل کرچکی ہے۔نیوزی لینڈ اور بھارت کی ٹیموں نے اب تک عالمی ایونٹ میں بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں میں بہترین کارکردگی دکھائی ہیں۔