مانچسٹر(سپورٹس لنک رپورٹ)اکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم نے ورلڈ کپ میں اب تک اپنی بہترین کرکٹ نہیں کھیلی، جس دن پاکستان نے بہترین کرکٹ کھیل لی اس دن یہ ٹیم کسی بھی حریف کو شکست دے سکتی ہے۔ پاک بھارت ورلڈ کپ ٹاکرے سے قبل پریس کانفرنس میں ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کی اہمیت اتنی ہے جتنی کسی اور میچ کی لیکن اس میچ کی کارکردگی پلیئرز کے کیرئیر کو تبدیل کر سکتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس میچ میں بھی دیگر میچز کی طرح دو پوائنٹس ہی ملنے ہیں لیکن اگر کوئی پلیئر اس میچ میں پرفارم کر گیا تو اس کی کارکردگی کو مدتوں یاد رکھا جائے گا۔مکی آرتھر نے چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کی بھارت کے خلاف جیت کے بارے میں بات کرتے ہو ئے کہا کہ چیمپئینز ٹرافی کو دو سال ہو چکے ہیں، کل کے میچ میں بھارت کے خلاف بہترین کرکٹ کھیلنا ہو گی، دنیا کی نظریں اس میچ پر ہوتی ہے اور یہ کرکٹ کا سب سے بڑا میچ ہے۔ایک سوال کے جواب میں مکی آرتھر نے کہا کہ یہ کہنا درست نہیں کہ شعیب ملک فیل ہو گئے، ویسٹ انڈیز کے خلاف وہ ٹیم میں شامل نہیں تھے، انگلینڈ کے خلاف وہ تین اوور کھیلے جب کہ آسٹریلیا کے خلاف بدقسمت رہے، شعیب ملک کی کارکردگی کا تجزیہ اگلے دو میچز میں ہو گا۔پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ نے فیلڈنگ کو بہتر بنانے پر زور دیا اور کہا کہ بیٹنگ اور بولنگ میں آپ کی کارکردگی کا انحصار آپ کے حریف کی کارکردگی پر بھی ہوتا ہے لیکن فیلڈنگ ایسا شعبہ ہے جس کی پوری کارکردگی آپ کے ہاتھ میں ہے، اس لئے بھارت کے خلاف مکمل توجہ کے ساتھ فیلڈنگ کرنا ہو گی۔ایک سوال پر مکی نے کہا کہ انہیں ذاتی طور پر ان ناقابل بھروسہ کا ٹیگ اچھا نہیں لگتا لیکن یہی ٹیگ پاکستان کرکٹ ٹیم کو دلچسپ بھی بناتا ہے۔