مانچسٹر (سپورٹس لنک رپورٹ)مانچسٹر میں کھیلے جارہے پاک بھارت میچ کو دیکھنے کے لیے پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھی اولڈ ٹریفورڈ گراؤنڈ پہنچ گئے۔
گراؤنڈ آمد کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے قومی ٹیم کی جیت کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا، ایک سوال کے جواب پر ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک میچ ہے اس کو جنگ نہ کہا جائے۔انہوں نے کہا کہ جیت کے لیے ٹیم کا عزم بلند ہونا چاہیے ، پوری قوم توقع کر رہی ہے کہ پاکستان اس بار ورلڈ کپ کی تاریخ بدلے گا۔
ورلڈ کپ کرکٹ کے 22 ویں اور ایونٹ کے سب سے سنسنی خیز میچ کو دیکھنے کے لیے دونوں ممالک کے شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد اس وقت گراؤنڈ میں موجود ہے۔میچ میں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ جبکہ قومی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں، شاہین آفریدی اور محمد آصف کی جگہ شاداب خان اور عماد وسیم کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔میچ کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان نے قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو پاکستان اور بھارت کے درمیان آج کھیلے جانے والے میچ سے قبل جیت کیلئے مشورے دیے ہیں کہ وہ آج اسپیشلسٹ بلے بازوں اور بالرز کو کھلا ئیں، پاکستان کو ریلو کٹوں پر انحصار نہیں کرنا چاہئے۔واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز کیلئے ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ کپتان سرفراز احمد کو لازمی ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنی چاہیے اور جیت کی حکمت عملی کو مد نظر رکھتے ہوئے تجربہ کار بلے بازوں اور بولروں کے ساتھ میدان میں اترنا چاہیے کیوں کہ ‘ریلو کٹے دباؤ میں اکثر کم ہی پرفارم کرتے ہیں اور آج اسی سوچ کے ساتھ اترنا چاہیے۔