لاہور (سپورٹس لنک رپورٹ)اداکارہ ویناملک اورکرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ اوربھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزاسوشل میڈیا پر آمنے سامنے آگئیں،شیشہ کلب سے شروع ہوئی بحث ذات تک آگئی۔اداکارہ وینا ملک نے ایک ٹوئٹ میں ثانیہ مرزا کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ آ پ ایتھلیٹ ہونے کے ساتھ ماں بھی ہیں،’جنک فوڈ‘ایتھلیٹ کیلئے مناسب نہیں۔ثانیہ مرزا نے وینا ملک کو جواب دیتے ہوئے ٹوئٹ میں لکھا کہ وینا ملک میں اپنے بچے کو شیشہ پارلر نہیں لے کر گئی اور یہ آپ کا یا کسی کا مسئلہ نہیں، میں اپنے بچے کا خیال کسی سے بھی کئی زیادہ کرتی ہوں۔ثانیہ مرزا نے کہا کہ میں پاکستانی ٹیم کی ماہرغذائیت،ماں یااستاد نہیں ہوں،مجھے اپنے بچے کی فکر سب سے زیادہ ہے۔ثانیہ مرزا نے وینا ملک کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ فکر ہے وینا کا متنازع میگزین کور ان کے بچے نہ دیکھ لیں، بعد ازاں ناصرف انہوں نے اس ٹوئٹ کو ڈیلیٹ کر دیا بلکہ وینا ملک کو بلاک بھی کر دیا۔وینا نے ٹوئٹ کیا کہ تو ایسا ہوا۔ پہلے انھوں نے ٹویٹ کیا پھر ٹویٹ کو ڈلیٹ کر دیا اور مجھے بلاک کردیا۔ میں نے اپنے خدشات کو انتہائی مہذب، ٹھنڈے اور سلیقے سے ظاہر کیا تھا۔ اس پر صحت مندانہ بحث ہو سکتی تھی۔انہوں نے کہا کہ آپ کی ٹوئٹس سے دنیا پر آپ کا اصلی چہرہ واضح ہوگیا۔ پیاری بھابھی! کسی کی ذاتی زندگی پر حملے کرنا اور نہایت پستی میں گرجانا آپ کو کہیں کا نہیں چھوڑے گا۔وینا ملک نے اپنی صفائی میں کہا کہ میں پچھلے 5 برسوں سے فلم انڈسٹری کا حصہ نہیں ہوں، میں تین بار خانہ کعبہ جاکر رو روکر اپنے کیے کی معافی مانگ چکی ہوں، اب مجھ میں بہت زیادہ بہتری آچکی ہے۔اداکارہ نے کہا کہ میں ہزار بار کہہ چکی ہوں کہ وہ فوٹوشوٹ فوٹوشاپ کیا گیا تھا لیکن پھر بھی یہ لوگ سوچتے ہیں کہ میں آسان نشانہ ہوں، میری کردار کشی کرنا آسان ہے اور میرے ماضی کو یاد دلاکر یہ لوگ مجھے چپ کراسکتے ہیں لیکن میں آپ کو بتانا چاہتی ہوں کہ اب یہ نہیں ہوگا۔یاد رہے کہ قومی کرکٹر شعیب ملک اور ان کی اہلیہ ثانیہ مرزا کی ہوٹل پر دوستوں کے ساتھ سامنے آنے والی ویڈیو پر سوشل میڈیا پر تنازع کھڑا ہوگیا ، کرکٹ شائقین اور بعض سابق کرکٹرز کی جانب سے شدید تنقید کی گئی اور کہا گیا کہ مبینہ طور پر شعیب ملک اہم میچ سے ایک رات قبل میچ کی فکر کرنے کے بجائے باہر موجیں کررہے تھے۔ثانیہ مرزا نے اس حوالے سے اپنے ٹوئٹر پر بیان میں غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ویڈیو بلا اجازت بنائی گئی اور اس میں ہماری نجی زندگی کی بھی پرواہ نہیں کی گئی جب کہ اس موقع پر ہمارا بچہ بھی ساتھ تھا۔