پاکستان ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کے چھ کھلاڑیوں کی نیوزی لینڈ روانگی

 

پاکستان ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کے چھ کھلاڑیوں کی نیوزی لینڈ روانگی

لاہور 3 جنوری 2024:

پاکستان کرکٹ ٹیم کے چھ کھلاڑی نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں حصہ لینے کے لیے بدھ کی شب لاہور سے براستہ دبئی آکلینڈ کے لیے روانہ ہوں گے۔

پانچ میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز 12 سے 21 جنوری تک آکلینڈ، ہیملٹن، ڈنیڈن اور کرائسٹ چرچ میں کھیلی جائے گی۔

اسکواڈ کے چھ ممبرز میں عباس آفریدی ۔ اعظم خان۔ فخر زمان۔ حسیب اللہ خان۔ افتخار احمد اور صاحبزادہ فرحان شامل ہیں۔ ان چھ کھلاڑیوں نے لاہور میں کیمپ میں حصہ لیا اس کیمپ میں ان کے علاوہ نو اضافی کھلاڑیوں احمد شہزاد ۔ عارف یعقوب ۔ کامران غلام ۔ محمد عامر خان ۔ محمد حارث ۔ محمد عمران ۔ عمیر بن یوسف ۔ سجاد علی جونیئر اور شہاب خان نے بھی حصہ لیا جہاں ہائی پرفارمنس کوچ اور کیمپ کمانڈنٹ یاسر عرفات کی نگرانی میں کھلاڑیوں نے مختلف پریکٹس سیشنز میں حصہ لیا۔

کیمپ کے اختتام پر یاسر عرفات نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے جدید دور کی کرکٹ کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کھلاڑیوں کو ٹریننگ دی ہے۔ بیٹنگ فیلڈنگ اور بولنگ کی مختلف ڈرلز کرائی گئیں اور کھلاڑیوں نے دو سناریو میچوں میں بھی حصہ لیا تاکہ انہیں ہائی پریشر میچوں میں مدد مل سکے۔

یاسر عرفات کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ زیادہ دور نہیں ہے۔ ہم اپنے بینچ اسٹرینتھ کو مضبوط کرنے کے لیے نئے آپشنز کو بھی تلاش کرتے رہیں گے۔ مجھے اس کیمپ کے بارے میں جو چیز پسند آئی وہ یہ کہ پی سی بی نے قومی ٹی ٹوئنٹی کپ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ڈومیسٹک پرفارمرز کو موقع فراہم کیا ہے۔ فخر زمان اور افتخار احمد جیسے سینئر کھلاڑی نئے آنے والوں کے ساتھ گھل مل گئے اور یہ ان کے لیے سیکھنے کا بہت اچھا تجربہ تھا۔

دریں اثنا، بائیں ہاتھ کے اسپنر محمد نواز نے جنہیں ٹیسٹ اسکواڈ سے ریلیز کردیا گیا ہے اپنے ساتھی کھلاڑی زمان خان حارث رؤف اور اسامہ میر کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی سیریز کی ٹریننگ شروع کردی ہے۔ چاروں کھلاڑی 5 جنوری کو آسٹریلیا سے آکلینڈ کے لیے روانہ ہوں گے جہاں ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل باقی کھلاڑی ان کو جوائن کریں گے۔

پاکستان ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ۔

شاہین شاہ آفریدی (کپتان)، عامر جمال، عباس آفریدی، اعظم خان (وکٹ کیپر) ،بابر اعظم، فخر زمان، حارث رؤف ،حسیب اللہ ( وکٹ کیپر ) ،افتخار احمد، محمد نواز ،محمد رضوان (وکٹ کیپر) ، محمد وسیم جونیئر ،صاحبزادہ فرحان ،صائم ایوب اسامہ میر اور زمان خان۔

سیریز کا شیڈول اس طرح ہے۔

12جنوری ۔ پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ایڈن پارک آکلینڈ۔

14 جنوری ۔ دوسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ۔ سیڈن پارک ہملٹن۔

17 جنوری۔ تیسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل۔یونیورسٹی اوول ڈنیڈن۔

19جنوری۔ چوتھا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل۔ ہیگلے اوول کرائسٹ چرچ۔

21جنوری ۔ پانچواں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل۔ ہیگلے اوول کرائسٹ چرچ۔

 

 

 

error: Content is protected !!