خیبرپختونخوا بجٹ ، کھیلوں، سیاحت، ثقافت وغیرہ کے لئے 20 ارب روپے مختص

پشاور (سپورٹس لنک رپورٹ) خیبر پختونخوا حکومت نے نئے مالی سال 2019-20 کے بجٹ میں کھیلوں، سیاحت، ثقافت، آثار قدیمہ اور امور نوجوانان کے لئے ریکارڈ 20 ارب روپے مختص کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو مجموعی 75 منصوبوں پر خرچ کیا جائے گا جن میں 43 جاری اور 32 نئے منصوبے شامل ہوں گے۔ محکمہ خزانہ کے ذرائع کے مطابق جاری منصوبوں کے لئے 3806 ملین اور نئے منصوبوں کے لئے 2090 ملین روپے رکھے گئے ہیں علاوہ ازیں ضم اضلاع کے لئے علیحد ہ ساڑھے پانچ ارب روپے مختص کئے گئے ہیں جہاں تحصیل اور ضلع سطح پر گرائونڈ بنائے جائیں گے ضم اضلاع میں پہلے مرحلے میں دو ارب 20 کروڑ روپے اور دوسرے مرحلے میں دو ارب 30 کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق آثار قدیمہ کے لئے 433.052 ملین رکھے گئے ہیں جنہیں 15 منصوبوں پر خرچ کیا جائے گا جن میں 13 جاری اور دو نئے منصوبے شامل ہیں، نئے منصوبوں پر 418.052 اور نئے منصوبوں پر 16 سو ملین روپے خرچ کئے جائیں گے۔ ثقافت کے جاری پانچ منصوبوں پر 145 اور تین منصوبوں پر 55 ملین روپے خرچ کئے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق کھیلوں کے بجٹ میں مالی مشکلات کے باوجود اضافہ کیا گیا ہے اس مقصد کے لئے چھ ارب روپے مختص کئے گئے ہیں 33 منصوبوں کے لئے 2157.937 ملین رکھے گئے ہیں جن میں 19 نئے منصوبے شامل ہیں جاری منصوبوں پر 1740.697 ملین اور نئے منصوبوں پر 417.240 ملین خرچ کئے جائیں گے۔ یوتھ ڈائریکٹوریٹ کے لئے 240 ملین روپے رکھے گئے ہیں جن میں دو سو ملین جاری اور 20 ملین نئے منصوبوں کے لئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق شیخ بدین سیاحتی مقام کے لئے 417 ملین، ٹورازم کمپلیکس کی تعمیر کے لئے 25 ملین، ہنڈ صوابی میں تفریحی پارک کے لئے 80 ملین، سیاحتی میلوں کے انعقاد کے لئے 90 ملین، چھوٹی سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے 100 ملین، تفریحی سہولیات کے بندوبست کے لئے 80 ملین، محکمے کے منصوبہ بندی سیل کو مزید فعال بنانے کے لئے 100 ملین، کرک میں سپورٹس کمپلیکس کے لئے 300 ملین، اسلامیہ کالج میں کھیلوں سے متعلق ڈگریاں دینے والے ادارے کے قیام کے لئے 10 ملین، پشاور میں یونین کونسلوں میں گرائونڈ بنانے کے لئے 250 ملین، پشاور سپورٹس کمپلیکس قیوم اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن کے لئے 480 ملین، جی ٹی رو ڈ کے کنارے چمکنی کے ساتھ سٹیڈیم کے قیام کے لئے 132.760 ملین، مردان میں کھیلوں کے گرائونڈ اور سہولیات کی اپ گریڈیشن کے لئے 415 ملین، بونیر میں انڈور جمنازیم کی تعمیر کے لئے 180 ملین، سوات میں ہاکی ٹرف کے لئے 80 ملین ، ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں کھیلوں کی سہولیات کے لئے 600 ملین، موٹر سپورٹس کے فروغ کے لئے 96 ملین رکھے گئے ہیں۔ سیاحت کے فروغ کے لئے سڑکوں کی تعمیرومرمت پر دو ارب 50 کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے ، شیخ بدین سیاحتی مقام تک سڑک پر 417 ملین خرچ کئے جائیں گے۔

تعارف: newseditor