لندن (سپورٹس لنک رپورٹ)آئی سی سی ورلڈ کپ میں اتوار 23 جون کو جنوبی افریقا سے میچ کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم نے تیاریوں کا آغاز کردیا ہے، ٹیم نے لارڈز میں تین گھنٹہ طویل پریکٹس سیشن کیا۔مانچسٹر میں ہونے والے ورلڈ کپ میچ میں بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم دو دن کرکٹ سے دور رہی، دو روز آرام کے بعد قومی کرکٹرز ایک بار پھر جمعرات کو ایکشن میں آئے اور لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں بھرپور پریکٹس کی۔کھلاڑیوں نے پہلے فیلڈنگ بہتر کرنے کی کوشش کی، اس کے بعد نیٹس پر خامیوں پر قابو پانے کی کوشش کی۔بولنگ کوچ اظہر محمود نوجوان فاسٹ بولر حسن علی کے ساتھ خصوصی محنت کرتے دکھائی دیے، انہوں نے ایک موقع پر حسن علی سے کمر پر پٹہ بندھوا کر بولنگ کروائی۔ پاکستان کرکٹ ٹیم جمعہ کو بھی ٹریننگ سیشن منعقد کرے گی۔ دوسری جانب پاکستان سے مقابلے کیلئے جنوبی افریقا کی ٹیم بھی لندن پہنچ گئی ہے۔