لندن(سپورٹس لنک رپورٹ) لارڈز کے تاریخی گراؤنڈ میں پاکستان ورلڈکپ میں آج جنوبی افریقا کے خلاف ٹورنامنٹ میں بقاء کی جنگ لڑے گا۔دونوں ٹیموں کے درمیان میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 2 بج کر 30 منٹ پر شروع ہوگا۔میچ سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں اور آفیشلز نے لارڈز کے تاریخی گراؤنڈ میں فوٹو سیشن بھی کیا۔
میگا ایونٹ میں قومی کرکٹ ٹیم اب تک 5 میچز کھیل چکی ہے جس میں سے ایک میں کامیابی، 3 میں شکست اور ایک میچ بارش کی نذر ہوا جب کہ پوائنٹس ٹیبل پر پاکستانی ٹیم 3 پوائنٹس کے ساتھ نویں نمبر پر ہے۔جنوبی افریقا کی ٹیم میگا ایونٹ میں 6 میچز میں سے ایک میں کامیابی حاصل کرسکی ہے، 4 میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا جب کہ ایک میچ بارش کے باعث نہ ہوسکا، پروٹیز پوائنٹس ٹیبل پر 3 پوائنٹس کے ساتھ 8 ویں نمبر پر موجود ہیں۔قومی ٹیم کو ٹورنامنٹ میں اپنا سفر جاری رکھنے کے لیے پروٹیز سے فتح حاصل کرنا ضروری ہے جس کے بعد بھی اگر مگر کا سلسلہ جاری رہے گا۔جنوبی افریقا کے خلاف میچ میں حسن علی اور شعیب ملک کا ڈراپ ہونا یقینی ہے اور ان کی جگہ حارث سہیل اور شاہین شاہ آفریدی کو شامل کیے جانے کا امکان ہے۔ایونٹ میں رہنے سے متعلق پاکستان ٹیم کیلئے اگر مگر کا چکر مزید دلچسپ ہو گیا ہے، ٹیم کو نہ صرف اگلے تمام میچ اچھے مارجن سے جیتنا ہوں گے بلکہ شائقین کو انگلینڈ کے اگلے میچوں میں ہار کی دعائیں بھی مانگنا ہوں گی۔پاکستان ٹیم کی مایوس کن کارکردگی اور روایتی حریف بھارت سے شکست کے بعد کھلاڑیوں کو انگلینڈ میں پاکستان مداحوں کی جانب سے طعنوں اور جملے بازی کا سامنا ہے، یہاں تک کہ قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد سے بھی مقامی شاپنگ مال میں نوجوان نے بدتمیزی کی۔اس ساری صورتحال میں ٹیم انتظامیہ نے کھلاڑیوں کو اپنی سرگرمیاں محدود کرنے اور ضروری کام کی صورت میں سیکیورٹی اہلکاروں کے ہمراہ ہوٹل سے باہر جانے کی ہدایت کی ہے۔لارڈز میں پریکٹس سیشن کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ کرکٹ پر بات کریں تو کسی کو برا نہیں لگتا لیکن گالیاں کسی کو پسند نہیں اور ایسا ہونا ٹھیک بھی نہیں ہے۔دوسری جانب پاکستانی ٹیم کے منیجر طلعت علی نے انکشاف کیا ہے کہ سرفراز احمد کو برا بھلا کہنے والے پاکستانی لڑکے کے خلاف کارروائی کیلئے آئی سی سی سے رابطہ کرلیا گیا ہے۔