لارڈز(سپورٹس لنک رپورٹ) عمران طاہر نے اپنے کیریئر کے اختتام پر منفرد اعزاز حاصل کر لیا اور وہ ورلڈ کپ مقابلوں میں جنوبی افریقہ کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے باؤلر بن گئے۔اتوار کو پاکستان کے خلاف کھیلے گئے ورلڈ کپ میچ میں عمران طاہر نے امام الحق اور فخر زمان کو آؤٹ کر کے سابق ہم وطن باؤلر ایلن ڈونلڈ کی زیادہ وکٹوں کا ریکارڈ توڑ کر یہ سنگ میل عبور کیا۔ڈونلڈ نے اب تک ورلڈ کپ مقابلوں میں 38 وکٹیں لے رکھی تھیں جبکہ عمران طاہر کی وکٹوں کی تعداد 39 ہو گئی ہے۔ورلڈ کپ ٹورنامنٹس کی تاریخ میں زیادہ وکٹیں لینے کا عالمی اعزاز سابق آسٹریلین باؤلر گلین میک گرا کو حاصل ہے جنہوں نے 71 وکٹیں لے رکھی ہیں۔عمران طاہر نے اب تک جنوبی افریقہ کے لیے مجموعی طور پر 105 ایک روزہ میچز میں 172 وکٹیں لے رکھی ہیں۔یاد رہے کہ یہ 40 سالہ عمران طاہر کے کیریئر کا ممکنہ طور پر آخری ورلڈ کپ ہے اور وہ ورلڈ کپ 2019 میں شرکت کرنے والے سب سے زائد عمر کے کھلاڑی ہیں۔