برمنگھم (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ ٹیم کے دائیں ہاتھ کے بلے باز بابر اعظم راتوں رات سپر اسٹار بن گئے، بابر اعظم کو نیوزی لینڈ کے خلاف سنچری نے ایک رات میں سپر اسٹار بنا دیا ہے اور وہ اس وقت شہرت کی بلندیوں پر ہیں۔بھارتی میڈیا انہیں ویرات کوہلی سے ملا رہا ہےاور دنیا بھر کےاخبارات اور میڈیا میں ان کی بیٹنگ کی تعریفیں کی گئی ہیں۔بابر اعظم اپنی اس اننگز کو اپنے ون ڈے کیریئر کی بہترین اننگز قرار دیتے ہیں اور اس کی وجہ وہ یہ بتاتے ہیں کہ جب پاکستان ٹیم نے بیٹنگ شروع کی تو وکٹ جو پہلے سے سلو تھی وہ ٹرن ہونا شروع ہو گئی اور اس وجہ سے انہوں نے محمد حفیظ کےساتھ یہ طے کیا تھا کہ کوئی چانس نہیں دینا اور اطمینان سے کھیلنا ہے۔یاد رہے کہ بابر اعظم نے اپنی اس اننگز کے دوران ون ڈے انٹرنیشنل میں 3 ہزار رنز بھی مکمل کیے ہیں ،انہوں نے اب تک ون ڈے انٹرنیشنل میں 10 سنچریاں بنائی ہیں جن میں سے 8 میچوں میں پاکستان ٹیم جیتی ہے۔اس بارے میں بابر اعظم کہتے ہیں کہ جب آپ کی اننگز ٹیم کے کام آئے اور آپ میچ جتوا کر آتے ہیں تو بہت زیادہ خوشی ہوتی ہے اور اپنے اندر ایک نیا حوصلہ بھی پیدا ہوتا ہے۔