ہیڈنگلے (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ ٹیم نے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں افغانستان کے خلاف اہم میچ سے قبل ہیڈنگلے لیڈز میں ٹریننگ سیشن کیا، دونوں ٹیمیں کل ٹکرائیں گی۔ٹیم پاکستان کا ورلڈ کپ مشن بھرپور انداز میں جاری ہے، گرین شرٹس کا اگلا مقابلہ افغانستان کے خلاف ہے جو کہ ڈو اینڈ ڈائی کی حیثیت اختیار کر گیا ہے۔قومی ٹیم کو سیمی فائنل میں رسائی کو ممکن بنانے کے لیے افغانستان کے خلاف بھی کامیابی حاصل کرنا ضروری ہے۔میچ سے قبل ہیڈنگلے میں کھلاڑیوں نے ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا جس کا آغاز ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی جانب سے حوصلہ افزائی کے لیکچر سے شروع ہوا، ہیڈ کوچ نے کھلاڑیوں کی تعریف کی اور اگلے میچوں کی حکمت عملی پر آگاہ کیا۔
کپتان سرفراز احمد، سینئر کھلاڑی شعیب ملک اور محمد حفیظ نے کھلاڑیوں کے حوصلے بڑھانے کے لیے گفتگو کی، جس کے بعد کھلاڑیوں نے ہینڈ بال کھیل خوب انجوائے کیا جس میں کھلاڑیوں کا جوش و خروش اور مورال دیدنی تھا۔کھلاڑیوں نے فیلڈنگ کی مشقیں بھی کیں، سابق کپتان شعیب ملک نے فیلڈنگ پریکٹس کرائی جس کے بعد نیٹ پر بولنگ اور بیٹنگ کی مشقیں کی گئیں۔
افغانستان کے خلاف حتمی پلئینگ الیون کا تو فیصلہ نہیں ہوا تاہم وننگ کمبی نیشن میں تبدیلی کا امکان موجود نہیں۔لیڈز کا موسم خاصا خوشگوار ہے بادلوں کے ساتھ سورج کی آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہا، اگلے دو روز بھی موسم خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ہیڈنگلے میں کل بھی تیز دھوپ نکلے گی اور موسم گرم رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔