26 ویں نیشنل جونیئر ٹیبل ٹینس چیمپیئن شپ ، بوائز سنگلز کا ٹائیٹل آرمی کے فیضان ظہور اور گرلزسنگلز کا واپڈا کی پرنیا خان نے جیت لیا

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ) سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام اور پنجاب ٹیبل ٹینس ایسوسی ایشن کے تعاون سے ہونے والی 26 ویں نیشنل جونیئر ٹیبل ٹینس چیمپیئن شپ میں بوائز انڈر18سنگلز کا ٹائیٹل آرمی کے فیضان ظہور اور گرلز انڈر18سنگلز کا ٹائیٹل واپڈا کی پرنیا خان نے جیت لیا، بوائز سنگلز کے فائنل میں آرمی کے فیضان ظہور نے واپڈا کے شاہ خان کو سٹریٹ سیٹس میں3-0سے شکست دی جبکہ گرلز سنگلز کے فائنل میں واپڈا کی پرنیا خان پہلا سیٹ ہار گئیں مگر وہ جلد سنبھل گئیں اور باقی سیٹس میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی مخالف کھلاڑی کروماٹیکس کی فاطمہ خان کو 3-1سے ہرادیا ۔


اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی چیئرمین سپورٹس کمیٹی سٹیٹ بنک آف پاکستان اشرف خان، جاوید احمد بھٹی اور سیکرٹری جنرل پاکستان ٹیبل ٹینس فیڈریشن احمر ملک نے کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے، چیئرمین سپورٹس کمیٹی سٹیٹ بنک آف پاکستان اشرف خان نے تقریب سے خطاب کرتے نوجوان کھلاڑیوں کے کھیل کی تعریف کی اور کہا کہ مجھے نوجونواں کا ٹیلنٹ دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے، ہم پرامید ہیں کہ ہمارا سپورٹس میں مستقبل تابناک ہے،سیکرٹری جنرل پاکستان ٹیبل ٹینس فیڈریشن احمر ملک نے چیمپیئن شپ کے انعقاد کے لئے تعاون پرڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ چار روزہ چیمپیئن شپ کیلئے سپورٹس بورڈ پنجاب نے بہترین سہولتیں فراہم کی ہیں جس کی وجہ سے کھلاڑیوں نے محنت اور لگن کے ساتھ مقابلوں میں حصہ لیا ہے۔


چیمپئن شپ میں جونیئر گرلز ٹیم ایونٹ میں کروماٹیکس ، جونیئر بوائز ٹیم ایونٹ میں واپڈا، جونیئر گرلز ڈبلز میں کروماٹیکس کی فاطمہ اور کلثوم، جونیئر بوائز ڈبلز میں آرمی کے فیضان اور عمام ، کیڈٹ گرلز سنگل میںکروماٹیکس کی کلثوم خان ، کیڈٹ گرلز سنگل میں آرمی کے عمام خان، جونیئر گرلز سنگلز میں واپڈا کی پرنیا خان اور جونیئر بوائز سنگلز میں آرمی کے فیضان ظہور نے سونے کے تمغے جیتے۔

تعارف: newseditor