راولپنڈی (سپورٹس لنک رپورٹ)راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر نے 2003کے ورلڈ کپ میں بھارت سے شکست کا ذمہ دار وقار یونس کی خراب کپتانی کو قرار دیا ہے۔سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے اپنے یوٹیوب چینل پر’رازوں سے انکشاف ‘کے عنوان سے ایک ویڈیو اپلوڈ کی جس میں انہوں نے کہا کہ ہم 1999اور 2003کے میگا ایونٹس میں روایتی حریف بھارت کو آسانی سے زیر کرسکتے تھے، خاص طور پر جنوبی افریقہ میں کھیلے گئے میگا ایونٹ میں مجھے شکست کا زیادہ افسوس ہے۔انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ2003کے جنوبی افریقہ میں کھیلے گئے ورلڈ کپ میں اُن کی پرفارمنس اور فٹنس اچھی نہیں تھی ۔
انہوں نے وقار یونس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئےکہا کہ جنوبی افریقہ میں کھیلے گئے اُس ورلڈ کپ میں وقاریونس کی قیادت انتہائی مایوس کن رہی اور روایتی حریف بھارت کے خلاف ہماری ٹیم نے 7وکٹ پر 273رنز بنائے۔شعیب اختر نے بتایا کہ ٹاس جیت کر اپنی اننگز کے اختتام پرمیں نے ساتھی کھلاڑیوں سے کہا کہ ہم نے 30، 40رنز کم بنائے ہیں تو سب مجھ پر چلّا نے لگے کہ ہم اس سے پہلے ہی بھارت کو آئوٹ کردینگے، بعد میں مجھے گھٹنے میں تکلیف کی وجہ سے باؤلنگ میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور ہم وہ میچ ہار گئے۔یاد رہے کہ خود شعیب نے اس مقابلے میں 10 اوورز میں 72رنز دے کر صرف ایک وکٹ لی تھی۔