مالنگا کی انٹرنیشنل کرکٹ میں 500 وکٹیں مکمل


دمبولا(سپورٹس لنک رپورٹ)مایہ ناز سری لنکن فاسٹ باؤلر لاستھ مالنگا نے انٹرنیشنل کرکٹ میں 500 وکٹیں مکمل کر لیں، وہ متھایا مرلی دھرن اور چمندا واس کے بعد یہ اعزاز پانے والے تیسرے سری لنکن باؤلر ہیں، اس کے ساتھ ساتھ فاسٹ باؤلر ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ میں اننگز میں زیادہ مرتبہ 5 یا زائد وکٹیں لینے والے سری لنکا کے دوسرے اور دنیا کے پانچویں باؤلر بھی بن گئے، انہوں نے ہفتے کو انگلینڈ کے خلاف کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ میچ میں 5 وکٹیں لیکر یہ کارنامہ انجام دیا۔ مرلی دھرن نے انٹرنیشنل کرکٹ میں 1347 جبکہ واس نے 761 وکٹیں لے رکھی ہیں، مالنگا کی وکٹوں کی تعداد 502 ہو گئی ہے۔ اسی طرح مالنگا نے ایک روزہ کرکٹ میں ایک اننگز میں زیادہ بار 5 یا زائد وکٹیں لینے والے سری لنکا کے دوسرے اور دنیا کے پانچویں باؤلر ہونے کا اعزاز بھی حاصل کر لیا ہے، اس فہرست میں سابق پاکستانی باؤلر وقار یونس 13 مرتبہ سنگ میل عبور کر کے سرفہرست ہیں، مرلی دھرن نے 10 بار، بریٹ لی اور شاہد آفریدی نے 9، 9 بار یہ کارنامہ انجام دے رکھا ہے، گلین میگراتھ نے 7 بار یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔

error: Content is protected !!