رمیز راجہ نے مصباح الحق کی بطور ہیڈ کوچ تعیناتی کی مخالفت کردی

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)سابق کپتان رمیز راجہ نے سابق کپتان مصباح الحق کو قومی ٹیم کا ہیڈ کوچ بنانے کے خیال کی مخالفت کردی۔یوٹیوب پر جاری ایک ویڈیو میں رمیز راجہ نے کہا کہ مصباح الحق کی دفاعی حکمت عملی قومی ٹیم کے لیے کسی صورت درست نہیں ہوسکتی،

اپنے کرکٹ کیریئر کے دوران مصباح الحق نے آگے بڑھ کر جارحانہ انداز میں کھیلنے کے بجائے ہمیشہ دفاعی حکمت عملی اپنائی اور مخالف ٹیم کی جانب سے غلطی ہونے کا انتظار کیا، یو اے ای میں انہوں نے اسی اپروچ کے ساتھ کئی میچ جیتے مگر پاکستانی کرکٹ کو ایسا شخص چاہیے جو مخالف ٹیم کے گیم پلان کے مطابق چلنے کے بجائے خود اپنا کھیل بنائے

اور نتائج کو اپنے حق میں کرلے۔رمیز راجہ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستانی ٹیم کو کرکٹ کا بے خوف اور نڈر برانڈ بننے کی طرف بڑھنا چاہیے۔

انہوں نے بھارتی کھلاڑی ویرات کوہلی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ کوہلی نے اپنی جارحانہ اور بے خوف اپروچ کے ذریعے بھارتی ٹیم کو ٹیسٹ کرکٹ کی نئی بلندیوں پر پہنچادیا ہے۔ پاکستانی ٹیم کو بھی اسی طرح کا جارحانہ انداز اپنانے کی ضرورت ہے کیونکہ انفرادی طور پر پاکستانی کھلاڑیوں میں بے خوفی اور جارحانہ پن موجود ہے تاہم پاکستان کو ایسے انفرادی تھنک ٹینک کی بھی ضرورت ہے جو آج کے دور کی ماڈرن کرکٹ کی ضروریات کے عین مطابق پلان بناسکے

جو پاکستانی کرکٹ کو آگے لے کر جاسکے۔57سالہ سابق کرکٹر کا یہ بھی ماننا ہے کہ پاکستانی ٹیم کو ہر طرح کی صورت حال میں عمدہ کھیل پیش کرنے والی ٹیم ہونا چاہیے کیونکہ اسی صورت میں پاکستانی ٹیم دنیائے کرکٹ کی بہترین ٹیموں کی سی عزت اور اعلی مقام حاصل کرسکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مصباح الحق کی قیادت میں پاکستانی ٹیم ایک ہی انداز میں بچ بچا کر اور ڈر ڈر کر کھیل سکتی ہے لیکن اگر قومی ٹیم کے کھلاڑی اپنی قسمت بدلنا چاہتے ہیں اور اپنے مداحوں کی تعداد بڑھانا چاہتے ہیں تو انہیں اپنا انداز اور سوچ بدلنی ہوگی کیونکہ میدان میں وہی جیتتا ہے جو کھل کر کھیلتا ہے اس لیے قومی ٹیم کو بھی نئی کامیابیوں کے لیے نئی سوچ اپنانی ہوگی۔

تعارف: newseditor