لیڈز۔ (سپورٹس لنک رپورٹ) بین سٹوکس کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت انگلینڈ نے آسٹریلیا کو تیسرے ایشز ٹیسٹ میچ میں سنسنی خیز اور اعصاب شکن مقابلے کے بعد 1 وکٹ سے شکست دے دی، دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہو گئی، انگلش ٹیم نے 359 رنز کا ہدف میچ کے چوتھے روز اپنی دوسری اننگز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، 286 رنز پر 9 وکٹیں گرنے کے بعد سٹوکس کینگروز بائولرز کے سامنے چٹان بن گئے، انہوں نے غیرمعمولی بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف بائولرز کی خوب درگت بنائی، انہوں نے جیک لیچ کے ساتھ مل کر آخری وکٹ کی شراکت میں 76رنز جوڑ کر ٹیم کو فتح دلوائی، سٹوکس نے 8 چھکوں کی مدد سے 135 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر آسٹریلیا کے منہ سے فتح کا نوالہ چھین لیا اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔اتوار کو لیڈز ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز انگلش ٹیم نے 156 رنز 3 کھلاڑی آئوٹ پر دوسری ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو اسے کامیابی کیلئے مزید 203 رنز درکار تھے جبکہ جوروٹ 75 اور بین سٹوکس 2 رنز پر کھیل رہے تھے، دن کے چھٹے اوور میں نیتھن لیون نے روٹ کو آئوٹ کر کے ٹیم کو اہم کامیابی دلائی، وہ 77 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، اس کے بعد سٹوکس اور جونی بیئرسٹو نے مشکل وقت میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 86 قیمتی رنز جوڑ کر ٹیم کا سکور 245 تک پہنچا دیا
یہ پارٹنرشپ کینگروز کیلئے خطرہ بن گئی تھی کہ یہاں پر ہیزلووڈ نے بیئرسٹو کو آئوٹ کر کے نہ صرف اہم پارٹنرشپ توڑی بلکہ ٹیم کو بڑی کامیابی بھی دلائی، وہ 36 رنز بنا سکے، 253 کے سکور پر انگلش ٹیم کو اس وقت بڑا دھچکا لگا جب جوز بٹلر 1 رن بنا کر رن آئوٹ ہو گئے، کرس ووکس بھی1 رن بنا کر ہیزلووڈ کی گیند کا نشانہ بن گئے، 286 کے سکور پر انگلینڈ کی یکے بعد دیگرے 2 وکٹیں گر گئیں اور میزبان ٹیم پر دبائو مزید بڑھ گیا، جوفرا آرچر 15 اور سٹورٹ براڈ بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے، 286 کے سکور پر 9 وکٹیں گرنے کے بعد سٹوکس کینگروز بائولرز کے سامنے چٹان بن گئے، انہوں نے غیرمعمولی بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈٹ کر حریف بائولرز کا مقابلہ کیا اور 135 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر آسٹریلیا کی جیت کی امیدوں پر پانی پھیر دیا، لیچ 1 رن بنا کر ناٹ آئوٹ رہے۔ہیزلووڈ نے 4، لیون نے 2، کمنز اور پیٹنسن نے ایک، ایک وکٹ لی۔