ٹی 10 لیگ،بھارت میں سونی پاکستان میں ٹین سپورٹس میچز دکھائے گا


دبئی (عبدالرحمان رضا)دبئی ٹی 10 لیگ نے تین سال کے لئے نشریاتی حقوق سونی پکچر نیٹ ورک کو دیدیئے ہیں اس فیصلے کا اطلاق رواں سال 2018 کے ایڈیشن سے ہوگا سونی پکچرنیٹ ورک کو یہ نشریاتی حقوق برصغیر مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کےلئے دیئے گئے ہیں ٹی 10 لیگ کی منظوری کرکٹ کی بین الاقوامی تنظیم آئی سی سی دے چکی ہے جسے ہندوستان میں سونی ای ایس پی این اور سونی ای ایس پی این ایچ ڈی چنیل دکھائے گا جبکہ پاکستان میں ٹین اسپورٹس اور مشرق وسطیٰ و شمالی افریقہ میں ٹین کرکٹ یہ میچز براہ راست نشرکرے گا جس کے لئے وہ سونی لیو کی لائیو اسٹریم استعمال کرے گا۔سونی پیکچر نیٹ ورک کے ٹی 10 لیگ کا نشریاتی شریک بننے پر لیگ کے چیئرمین شجیع الملک نے مسرت کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے زیادہ سے زیادہ پرستاروں تک کرکٹ پہنچے گی اور ساتھ ہی ہمیں اس فارمیٹ کی تروجیج میں بھی مدد ملے گی۔ اس موقع پر چیف ریونیو آفیسر سونی پکچرز نیٹ ورک راجیش کول کا کہنا تھا کہ ٹی 10 لیگ اپنے تیز فارمیٹ کی بدولت پہلے کرکٹ پرستاروں میں قبولیت کی سند حاصل کرچکی ہے دوسرے ایڈیشن میں بھی اچھے کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے جس سے لیگ مزید دلچسپ ہوگی ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم کرکٹ پرستاروں کو وعدے کے مطابق اچھی کرکٹ دیکھنے کو مہیا کریں گے۔ واضح رہے کہ ٹی 10 لیگ کے دوسرے ایڈیشن کا آغاز 21 نومبر سے ہوگا 12 روز جاری رہنے والے اس ایونٹ کی ڈرافٹنگ 24 ستمبر کو ہوچکی ہے جس میں دنیائے کرکٹ کے نامور کھلاڑیوں نے شرکت کی ان میں ویسٹ انڈیزکے کریس گیل سب سے نمایاں رہے جو دفاعی چیمپیئن کیرالا کنگز کا حصہ بنے ہیں۔ اس کے علاوہ شاہد آفریدی ، شعیب ملک ، آئن مورگن، برینڈن میکللم ، سنیل نرائن ، ڈیرن سیمی ،شین واٹس اور راشد بھی ایکشن میں نظر آئیں گے۔

error: Content is protected !!