قومی انڈر 19ٹیم کا کوچ کس سابق کرکٹر کو بنا دیا گیا؟

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کر کٹ بورڈ(پی سی بی )نے سابق ٹیسٹ کرکٹر اعجاز احمد کو قومی انڈر 19کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کردیا۔اعجاز احمد انڈر 16 اور اے ٹیموں کے ساتھ بھی کام کریں گے۔ سابق کرکٹر اعجاز احمد کی تقرری 3سال کے لیے کی گئی ہے، اعجاز احمد اے سی سی انڈر 19ایشیا کپ کے بعد اپنے عہدے کا چارج سنبھالیں گے۔آئندہ ماہ قومی اے کرکٹ ٹیم کی کینیا میں 8ملکی ٹورنامنٹ میں شرکت اعجاز احمد کی پہلی اسائنمنٹ ہوگی۔ بنگلہ دیش انڈر 16 کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد اور ایمرجنگ ایشیا کپ میں بھی اعجاز احمد ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ آئندہ سال قومی انڈر 19کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ میں شرکت کرنی ہے۔اعجاز احمد کا انتخاب وسیم خان اور مدثر نذر پر مشتمل کمیٹی نے کیا ہے، کمیٹی نے عہدے کے لیے خواہشمند دیگر سابق کرکٹرز کے انٹرویوز کے بعد اعجاز احمد کا نام فائنل کیا۔اس حوالے سے بات کرتے ہوئے اعجاز احمد نے کہا کہ پی سی بی کی جانب سے قومی انڈر 19 کی کوچنگ کی ذمہ داری دینے پر بہت خوش ہوں

پی سی بی کا شکرگزار ہوں کہ انہوں نے قومی ٹیم کے مستقبل کے کھلاڑیوں کی تربیت کے لئے مجھے منتخب کیا۔ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی کرکٹ کھیلنے والے ملک میں جونیئر کرکٹرز کا کردار بہت اہم ہوتا ہے کہ مستقبل میں یہی کھلاڑی قومی ٹیم میں شامل ہوتے ہیں،اپنے تجربے کی بنیاد پر قومی جونیئر کرکٹ کی بہتری میں کردار ادا کروں گا۔دوسری جانب سابق کھلاڑی مدثر نذر نے کہا کہ اعجاز احمد کو کوچنگ کے شعبے میں بڑھتے ہوئے دیکھا ہے اور ان کا شمار پاکستان کے باصلاحیت کوچز میں ہوتا ہے، اعجاز بہت محنتی کوچ ہیں اور یقینا ان کی کوچنگ میں پاکستان کی انڈر 19ٹیم بہت آگے جائے گی، ڈایریکٹر اکیڈمیز مدثر نذر کا کہنا ہے کہ اعجاز احمد کی بطور کوچ قابلیت پر کوئی شک نہیں، اعجاز احمد کھیل پر گرفت اور کھلاڑی کی پہچان کرنے کے حوالے سے جانے جاتے ہیں۔

تعارف: newseditor