پی سی بی کے نئے آئین اور قائم مقام الیکشن کمشنر کو کام سے روکنے پر جواب طلب

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)لاہور ہائی کورٹ نے پی سی بی کے نئے آئین اور قائم مقام الیکشن کمشنرکو کام سے روکنے پر رجسٹرار آفس کے ذمہ دار افسر سے جواب طلب کر لیا ہے۔لاہور ہائی کورٹ میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے آئین اور قائم مقام الیکشن کمشنرکوکام سے روکنے کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی۔دوران سماعت وکیل پی سی بی تفضل رضوی نے موقف اختیار کیا کہ پی سی بی کے نئے آئین کے نفاذ کے بعد پہلا آئین غیر فعال ہوچکا ہے،لہذا ختم ہونے والے آئین کے تحت دائر تمام درخواستیں غیرموثرہونے کی بنا پر مستردکی جائیں۔اس موقع پر عدالت کو بتایا گیا کہ نیاآئین آسٹریلوی طرز کا بنایا گیا ہے،نئے آئین کے نفاذ کے ساتھ ہی ڈسٹرکٹ اور ریجنل ایسویسی ایشنز تحلیل ہوگئیں۔عدالت نے متفرق درخواستوں پر حکم امتناعی جاری کرنے پر برہمی کااظہار کیا،عدالت نے ریمارکس دیئے کہ کس متفرق درخواست پر عدالت نے حکم امتناعی جاری کیا۔لاہور ہائی کورٹ نے رجسٹرار آفس کے ذمہ دار افسر سے بھی جواب طلب کر لیا ہے۔

تعارف: newseditor