انڈر۔19 ایشیا کرکٹ کپ 5 ستمبر سے شروع ہوگا

کولمبو( سپورٹس لنک رپورٹ )اے سی سی انڈر۔19 ایشیا کرکٹ کپ 5 ستمبر سے سری لنکا میں کھیلا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق میگا ایونٹ میں 8 مختلف ممالک کی ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلئے پنجہ آزمائی کرینگی۔ بھارت کی ٹیم میگا ایونٹ میں اپنے اعزاز کا دفاع کریگی۔ پاکستان کو گروپ اے میں بھارت، افغانستان اور کویت کے چیلنج کا سامنا ہو گا جبکہ گروپ بی میں میزبان سری لنکا، بنگلہ دیش، یو اے ای اور نیپال شامل ہیں۔میگا ایونٹ دس روز جاری رہنے کے بعد 14 ستمبر کو اختتام پذیر ہوگا۔میگا ایونٹ میں شرکت کے لئے پاکستان کی 15 رکنی ٹیم روحیل نذیر کی قیادت میں 3 ستمبر کو کولمبو روانہ ہوگی۔

ٹیم کے بقیہ کھلاڑیوں میں حیدر علی، عامر علی، ابو ہریرہ، عبدالواحد، اختر شاہ، فہد منیر، محمد عامر، محمد عباس آفریدی، محمد باسط علی، محمد حارث، محمد عرفان خان، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ اور قاسم اکرم شامل ہیں۔ پاکستان کی ٹیم ٹورنامنٹ میں اپنی مہم کا آغاز 5 ستمبرکو افغانستان کے خلاف میچ سے کرے گی۔ 7 ستمبر کو پاکستان ٹیم اپنے دوسرے میچ میں روایتی حریف بھارت سے نبرد آزما ہوگی جبکہ تیسرا اور آخری گروپ میچ 9 ستمبر کو کویت کے خلاف کھیلے گی۔ ٹورنامنٹ کا فائنل 14 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔

error: Content is protected !!