ایبٹ آباد( رپورٹ نواز گوھر)سپیکر صوبائی اسمبلی مشتاق احمد غنی نے کہا کہ صوبائی حکومت خصوصی افراد کی فلاح وبہبود کیلئے زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور خصوصی افراد کے سالانہ قومی کھیلوں کے مقابلے اسی سلسلے کی کڑی ہے اور حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ وہ ان کھیلوں کے فروغ میں کوئی کسر رواء نہیں رکھے گی اور ہر سطح پر ان کی سر پرستی کا فریضہ سرانجام دیتے رہے گی ان خیالات کااظہا ر انہوں نے کنج فٹبال گرائونڈ ایبٹ آباد میں منعقدہ تین روزہ 27 ویں قومی سپیشل گیمز کی اختتامی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا جبکہ اس موقع پر سٹیشن کمانڈر ایبٹ آباد بریگیڈیئر فیصل ، ڈائریکٹر آپریشن سپورٹس کے پی سید ثقلین شاہ ، سابق ڈائریکٹر سپورٹس طارق محمود، ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس نعمت اﷲ ، اے ڈی سپورٹس حامد علی ، اے ڈی ذاکر اﷲ ، سید رسول شاہ ڈی ایس او ایبٹ آباد وسیم فضل سمیت ملک بھر سے آئے ہوئے سپیشل کھلاڑیوں ، زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے نمایاں افراد اور شہریوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی
سپیکر صوبائی اسمبلی مشتاق احمد غنی نے کہا کہ سپیشل گیمز خصوصی افراد کا خوشیوں کا میلہ ہے اور کھلاڑیوں کے چہروں پر پھیلی مسکراہٹیں اس امر کا ثبوت ہے کہ وہ سپورٹس حکام اور ایبٹ آباد کے عوام کی مہمان نوازی سے مطمئن ہیں اور خوشیوں کے اس میلے کو ہر حال میں جاری رہنا چاہیے ، انہوں نے سپیشل کھلاڑیوں پر زو ر دیا کہ وہ محنت اور بھرپور لگن سے ملک اور قوم کانام روشن کرنے میں کوئی کسر رواء نہ رکھیں اور پاکستان ہر حال میں انکی پہلی ترجیح ہونی چاہیے اور بتدریج چیزوں میں آنے والی جدت سے اپنے آپ کو ہم آہنگ کریں جبکہ انہوں نے سپورٹس ڈائریکٹر کو مسلسل 27 سالوں سے یہ ایونٹ باقاعدگی سے منعقد کروانے پر مبارکباد پیش کی
قبل ازیں ان سپیشل مقابلوں کے بانی اور روح رواں سابق ڈائریکٹر سپورٹس طارق محمود اور مائل سٹون لاہور کے شفیق الرحمان کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ اس دفع ان گیمز میں جاپان کے کھلاڑی بھی شریک ہوئے اور آئندہ حکومت سمیت انکی کوشش ہوگی کہ اس ایونٹ کو انٹر نیشنل ایونٹ کا درجہ دیاجائے اور سیف گیمز کی طرز پر اسے منعقد کیاجائے جس مقصد کیلئے سیف ممالک سے بھی سپیشل کھلاڑیوں کو مدعو کیاجائے گا انہوں نے کہا کہ یہ واحد ایونٹ ہے جس میں ایبٹ آباد کے عوام کی محبتیں کھینچ لاتی ہیں اور ایبٹ آباد کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ دنیا بھر میں کھیلی جانے والی ویل چیئر کرکٹ کی ابتداء اسی شہر سے ہی ہوئی تھی جبکہ سٹیشن کمانڈر ایبٹ آباد بریگیڈیئر فیصل نے ان گیمز کے انعقاد کو اہم سنگ میل قرار دیا اور خصوصی افراد کے حوصلوں کو سلام پیش کیا ۔جبکہ مقابلوں کے اختتام پر سپیکر صوبائی اسمبلی مشتاق احمد غنی نے نمایاں کارکردگی کے حامل کھلاڑیوں ، آفیشلز اور منتظمین میں ٹرافیاں، میڈلز ، کیشن ایوارڈ اور سوینئر تقسیم کئے ۔