ڈھاکہ(سپورٹس لنک رپورٹ) بنگلہ دیش میں جاری پہلی سارک سنوکر چیمپئن شپ میں پاکستان فائنل سے قبل ہی چیمپئن بن گیا۔ سیمی فائنل میں بھارتی کھلاڑیوں کا غرور خاک میں کر دونوں قومی کھلاڑی فیصلہ کن معرکے میں آمنے سامنے ہونگے۔خبر رساں ادارے کے مطابق بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں کھیلی جانیوالی پہلی سارک سنوکر چیمپئن شپ میں پاکستان کے دونوں کھلاڑیوں نے بھارتی حریفوں کو تگنی کا ناچ نچا دیا اور انہیں پچھاڑ کر فائنل میں اپنی جگہ پکی کر لی۔دونوں کھلاڑی فائنل میں پہنچنے سے پاکستان فائنل کھیلنے سے قبل ہی سارک سنوکر چیمپئن شپ کا فاتح بن گیا۔ پہلے سیمی فائنل میں پاکستان کے بلال نے بھارت کے سندیپ گلاٹی کو 0-6 سے زیر کیا۔ دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان ہی کے اسجد اقبال نے بھارت کے لکشمن راوت کو 4-6 سے ہرا دیا۔پاکستان کے اسجد اقبال اور محمد بلال کل دوپہر 12 بجے سارک سنوکر چیمپئن شپ کے فائنل میں مد مقابل ہوں گے۔ اس سے قبل اسجد اقبال اور محمد بلال نے کوارٹر فائنل میں نیپال کے کھلاڑیوں کو شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔پہلے کوارٹر فائنل میں اسجد اقبال نے نیپال کے دیپک کو 1-5 سے شکست دی تھی اور دوسرے کوارٹر فائنل میں محمد بلال نے نیپال کے اے ایم شری سیٹھا کو بھی 1-5 سے ہرایا تھا۔