آئی سی سی اپنے رکن ممالک کو بھارت میں کرکٹ کھیلنے سے روکے :جاوید میانداد

لاہور( سپورٹس لنک رپورٹ ) قومی ٹیم کے سابق کپتان جاوید میاندادکا خیال ہے کہ سکیورٹی خدشات کے پیش نظر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو آگے بڑھنا چاہئے اور اپنے ممبروں کو ہندوستان کے دورے سے روکنا چاہئے۔بھارتی میں بی جے پی کی حکومت نے حال ہی میں متنازع شہریت بل پاس کیا ہے جس کے بعد اس وقت پورے ملک میں مظاہرے جاری ہیں جس دوران اب تک 21افراد اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

ایک ویڈیو میں گفتگو کرتے ہوئے لیجنڈری بلے باز نے غیر ملکی ٹیموں سے انسانیت کی بنیاد پر ہندوستان کے خلاف ڈٹ جانے کی درخواست کی۔جاوید میانداد کاکہنا تھا کہ ان کا انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) کو پیغام ہے کہ وہ کرکٹ کھیلنے والے تمام ممالک کو بھارت کے دورے سے روکے ،اب ہمیں آئی سی سی کے انصاف کا اصل چہرہ نظر آئے گاکہ وہ کیا کرنا چاہ رہے ہیں اور دنیا کو کیا پیغام دینا چاہتے ہیں ،آئی سی سی کے تمام ممبرا ن ممالک کو بھی اپنے کھلاڑیوں کوپیغام دینا ہوگا کہ وہ بھارت کادورہ نہ کریں کیوں کہ اس وقت وہاں سکیورٹی کے حالات ٹھیک نہیں ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ دیگر ممالک بھارت سے بہتر ہیں

کیوں کہ بھارت میں مودی سرکار اس وقت اپنے ہی لوگوں کو دبانے کی کوشش کررہی ہے۔یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین احسان مانی بھی کہ چکے ہیں کہ اس وقت بھارت میں انٹر نیشنل کرکٹ کروانے کا سکیورٹی رسک پاکستان سے کہیں زیادہ ہے۔

error: Content is protected !!