لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کے دورہ کے لیے بابر اعظم کو قومی ٹیم کا نائب کپتان مقرر کیا ہے جب کہ سرفراز احمد بدستور کپتان کے فرائض سرانجام دیں گے۔آئندہ سیریز کے لیے کپتان اور نائب کپتان کا اعلان پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ احسان مانی اور نئے ہیڈکوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق نے لاہور میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔سرفراز احمد کو 2016 میں ٹی 20 ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا تھا جس کے بعد 2017 میں انہیں ون ڈے ٹیم اور ٹیسٹ ٹیم کی قیادت بھی سونپی گئی۔سرفراز کی کپتانی میں پاکستان نے 13 ٹیسٹ، 48 ون ڈے اور 34 ٹی 20 میچ کھیلے جن میں سے اسے بالترتیب 4، 26 اور 29 میچوں میں کامیابی حاصل ہوئی۔جب کہ بابر اعظم کا شمار پاکستان کے بہترین بلے بازوں میں ہوتا ہے ۔ وہ ٹیسٹ کرکٹ کی رینکنگ میں 16 ویں، ون ڈے میں تیسری اور ٹی 20 میں پہلے نمبر موجود ہیں۔سرفراز کو کپتان برقرار رکھنے اور بابر اعظم کو نائب کپتان مقرر کرنے کا فیصلہ مصباح الحق کی سفارش پر چیئرمین پی سی بی نے کیا۔سری لنکا کی ٹیم نے رواں ماہ 25 تاریخ سے پاکستان کا دورہ کرنا ہے لیکن گزشتہ دنوں سری لنکن کرکٹ بورڈ کی جانب سے پاکستان میں سری لنکن ٹیم کی سیکیورٹی سے متعلق خدشات کے بعد دورہ ملتوی ہونے کا اندیشہ ہے۔سری لنکن کرکٹ بورڈ کے مطابق انہیں اپنے وزیراعظم کے دفتر سے ایک خط موصول ہوا ہے جس میں پاکستان میں سری لنکن ٹیم کی سیکیورٹی پر خدشے کا اظہار کیا گیا ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسان مانی کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ سری لنکا کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے لیے بورڈ اپنی حکومت سے بات کررہا ہے ،انہوں نے نہ آنے کا نہیں کہا ، امید ہے سری لنکن ٹیم پاکستان آئے گی ۔احسان مانی نے کہا کہ ہمارا فیصلہ بہت واضح ہے کہ سری لنکا کے خلاف پاکستان میں میچ ہوں گے، دوسرے وینیو کا اب وقت نہیں ہے ۔
اس موقع پر مصباح الحق نے کپتان اور نائب کپتان بننے پر سرفراز اور بابر اعظم کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ سری لنکا سے سیريز ان کی پہلی اسائنمنٹ ہے ۔انہوں نے کہا کہ بطور پلیئر سرفراز کی پرفارمنس میں بہتری لانی ہے۔چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا کہ ٹیم منیجر کا فیصلہ کرلیا ہے، ایک دو دن میں اعلان ہوجائے گا جب کہ مصباح کی موجودگی میں ان سے اچھا بیٹنگ کوچ کون ہوسکتاہے، ضرورت ہوگی تو یہی بتائيں گے۔