لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)قومی ہاکی ٹیم کے لئے ٹوکیو اولمپکس 2020ء میں جگہ حاصل کرنے کا آخری موقع ہالینڈ کیساتھ 2کوالیفائر میچ ہیں۔ایمسٹرڈیم میں میزبان ٹیم کیساتھ پاکستان ہاکی ٹیم یہ 2میچ 26اور27اکتوبر کو کھیل رہی ہے، قومی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور منیجر اولمپئن خواجہ جنید کہتے ہیں کہ ہم مانتے ہیں کہ دونوں اہم میچ ہیں اور ہمارے لئے اولمپک میں جگہ بنانے کے لئے ان میچوں میں فتح لازمی ہے۔وہ کہتے ہیں کہ ہالینڈ کی ٹیم عالمی درجہ بندی میں تیسرے نمبر کی ٹیم ہے، ان کی تیاری کا معیار ہم سے کہیں بہتر ہے، البتہ اس بات سے قطع نظر ہم پوری کوشش کرینگے کہ مثبت انداز میں کھیلیں اور اولمپک کے لئے کوالیفائی کرسکیں ۔
ہالینڈ کے خلاف اولمپک کوالی فائر سے قبل قومی ہاکی ٹیم کے لئے اچھی خبر یہ ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی درخواست پر جرمنی کی ٹیم 2میچ کھیلنے پر رضا مند ہوگئی ہے۔اس سے قبل بلجیئم نے قومی ہاکی ٹیم کیساتھ کھیلنے سے معذرت کر لی تھی۔دوسری جانب عالمی درجہ بندی میں تیسرے نمبر کی ٹیم جرمنی ابتداءً میں قومی ہاکی ٹیم کے ساتھ دو پریکٹس میچ23اور24اکتوبر کو کھیلنے کی خواہش رکھتی تھی، تاہم پاکستان ہاکی فیڈریشن کی درخواست پر اب یہ میچ22اور23اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔توقع ہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم 19یا پھر20اکتوبر کو ہالینڈ روانہ ہوگی،اور بذریعہ بس جرمنی روانہ ہوگی، جہاں 2میچ کھیلنے کے بعد ہالینڈ واپس آئے گی۔