تہران (سپورٹس لنک رپورٹ )پاکستان نے ایشین والی بال چمپیئن شپ میں بھارت کو 3-2 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں ساتویں پوزیشن حاصل کرلی اور اولمپک کوالیفکیشن ٹورنامنٹ میں بھی جگہ بنالی۔تفصیلات کے مطابق ایران کے دارالحکومت تہران میں جاری ایشین سینئرز والی چمپیئن شپ کی ساتویں پوزیشن کے لیے روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں مدمقابل آئیں جہاں پاکستان نے بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا۔پاکستان نے بھارت کو 5 سیٹس کے میچ میں 25-23، 25-21، 20-25، 19-25 اور 15-6 سے شکست دے دی۔بھارت کو شکست دے کر پاکستان والی بال ٹیم نے نہ صرف ٹورنامنٹ میں ساتویں پوزیشن اپنے نام کر لی بلکہ جنوری 2020 میں چین میں شیڈول اولمپک کوالیفکیشن ٹورنامنٹ میں بھی جگہ بنالی جہاں اس ٹورنامنٹ کی سرفہرست 8 ٹیمیں شامل ہوں گی۔پاکستان کو کوارٹرفائنل میں آسٹریلیا سے 2-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا بعد ازاں آسٹریلیا نے ٹورنامنٹ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔پاک-بھارت میچ میں ایمل خان اور مبشر رضا کے کھیل کو غیر معمولی قرار دیا گیا جہاں ایمل خان نے روایتی حریف پر حملے کیے جبکہ مبشر رضا نے بھارتی ٹیم کا بھرپور دفاع کرتے ہوئے اہم وقت میں قیمتی پوائنٹس حاصل کرلیے۔ایونٹ میں ٹیم کی کارکردگی کے حوالے سے پاکستان والی بال فیڈریشن کے چیئرمین محمد یعقوب کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کے خلاف گوکہ ٹیم معمولی مارجن سے میچ ہار گئی لیکن کارکردگی حوصلہ افزا تھی اور روایتی حریف بھارت کے خلاف فتح قیمتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کئی ممالک نے ایمل خان سے ان کی پروفیشنل لیگز میں کھیلنے کے لیے رابطہ کیا ہے اور انہیں لیگ میں کھیلنے کے لیے 70 لاکھ روپے سے 80 لاکھ روپے کی پیش کش کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ قومی ٹیم کے کھلاڑی مراد، مبشر اور وسیم مختلف ممالک کی پروفیشنل لیگز میں شریک ہیں۔محمد یعقوب نے پاکستان اسپورٹس بورڈ سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستانی ٹیم کے جنوبی کوریائی کوچ کے معاہدے کی توسیع کریں کیونکہ ان کے آنے سے ٹیم میں بتدریج بہتری آئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ رواں برس دسمبر میں نیپال میں جنوبی ایشیائی گیمز ہورہی ہیں جس کے لیے سری لنکا اور بھارت کے پاس بھی غیرملکی کوچز اور ہمارے لیے بھی ضروری ہے کہ غیرملکی کوچ موجود ہو۔ایشین والی بال چمپیئن شپ کے فائنل میں میزبان ایران اور آسٹریلیا کے درمیان یک طرفہ مقابلہ ہوا جہاں میزبان ٹیم نے ٹورنامنٹ 3-0 سے جیت کر چمپیئن کا اعزاز حاصل کرلیا۔ایران نے فائنل میں آسٹریلیا کو 25-14، 25-17 اور25-21 سے شکست دے دی۔ٹورنامنٹ کے تیسری پوزیشن کے لیے جاپان اور جنوبی کوریا کا مقابلہ تھا تاہم جاپان نے 3-1 سے مقابلہ جیت کر کانسی کا تمغہ حاصل کرلیا۔