کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)قومی ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے سیریز کے پہلے میچ کے دوران اسٹیڈیم میں موجود نہیں ہوں گے۔پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں 27 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے 16 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان بھی ہو چکا ہے اور قومی کھلاڑیوں نے آئی لینڈرز کو جال میں پھنسانے کے لیے محنت بھی شروع کر دی ہے۔پاک سری لنکا سیریز قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق اور بولنگ کوچ وقار یونس کا پہلا امتحان ہے لیکن پہلے امتحان کے پہلے ’پرچے‘ یعنی میچ میں ہی بولنگ کوچ ٹیم کے ساتھ موجود نہیں ہوں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وقار یونس نے بیٹی کی گریجویشن پاسنگ آؤٹ کی تقریب میں شرکت کے لیے سڈنی جانا ہے اس لیے وہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلے ایک روزہ میچ کے لیے ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے۔پی سی بی کے مطابق وقار یونس 29 ستمبر کو ہونے والے دوسرے ایک روزہ میچ کے لیے دستیاب ہوں گے اور کراچی میں ٹیم کو جوائن کریں گے۔کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے کہ وقار یونس نے اس حوالے سے بولنگ کوچ بننے سے پہلے ہی بورڈ حکام کو آگاہ کر دیا تھا۔