کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)فاسٹ بولر محمد عامر، آل راؤنڈر عماد وسیم اور افتخار احمد سمیت قومی ٹیم کے 12 کھلاڑی پہلی بار ہوم گراؤنڈ پر ہوم کراؤڈ کے سامنے انٹرنیشنل ون ڈے میچ کھیلیں گے۔پاکستان اور سری لنکا کرکٹ ٹیمیں پہلے تین ون ڈے میچز کراچی میں کھیلیں گی، نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے ان میچز کے لیے پاکستان 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر چُکا ہے۔قومی ٹیم کے اسکواڈ کے 12 کھلاڑی ایسے ہیں جو پہلی مرتبہ ہوم گراؤنڈ پر ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیلیں گے۔
ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے والے محمد عامر بھی پہلی بار ہوم کراؤڈ کے سامنے ون ڈے انٹرنیشنل کھیلیں گے۔فخر زمان، عماد وسیم، امام الحق، شاداب خان اور عثمان شنواری کو بھی ہوم گراؤنڈ پر پہلی بار ون ڈے میچ کھیلنے کا موقع ملے گا۔دوسری جانب محمد حسنین، محمد نواز، محمد رضوان، افتخار احمد، عابد علی اور آصف علی بھی ہوم گراؤنڈ پر ون ڈے انٹرنیشنل ڈیبیو کے منتظر ہیں۔واضح رہے کہ پاک سری لنکا سیریز کا پہلا ون ڈے 27 ستمبر کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔