اسلام آباد ( سپورٹس لنک رپورٹ ) اسلام آباد فٹ بال ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام قومی انڈر-19 فٹ بال ٹیم کے چنائو کے سلسلہ میں اسلام آباد کے کھلاڑیوں کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے دو روزہ ٹرائلز منگل سے اسلام آباد میں شروع ہو نگے، اسلام آباد فٹ بال ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری سید شرافت حسین بخاری نے بتایاکہ یہ ٹرائلز کا پہلا مرحلہ ہوگا اور اسلام آباد میں کھلاڑیوں کے ٹرائلز کوچ جعفر خان لیں گے۔ پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی نارملائیزیشن کمیٹی نے صرف اسلام آباد کے رجسٹرڈ کھلاڑیوں کی سہولت کے لئے اسلام آباد میں ٹرائلز لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اور ٹرائلز میں منتخب ہونے والے کھلاڑی 4 اکتوبر سے ڈسٹرکٹ سپورٹس کمپلیکس، لیہ میں شروع ہونے والے تین روزہ ٹرائلز میں شرکت کریں گے۔ ٹرائلز میں یکم جنوری 2001 سے 31 دسمبر 2002 کے درمیان پیدا ہونے والے کھلاڑی حصہ لینے کے اہل ہونگے۔ کھلاڑی ٹرائلز کے وقت عمر کے ثبوت کے لئے شناختی کارڈ یا ب فارم، والد کے شناختی کارڈ کی کاپی اور ٹرائلز کے لئے پوری کٹ (وردی) اپنے ہمراہ لائیں
انہوں نےکہا کہ ٹرائلز کے حوالے سے تمام رجسٹرڈ کلبوں کو ہدایات جاری کردی گئیں ہیں اور اسلام آباد فٹ بال ایسوسی ایشن نے محمد زمان کی سربراہی میں ٹرائلز کےلئے تین رکنی لوکل کوارڈینشن کمیٹی تشکیل دی ہے رانا تنویر احمد کوآرڈینیٹر کے فرائض انجام دیں گے جبکہ ناصر جمیل اس کمیٹی کے ممبر ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ اے ایف سی انڈر-19 فٹ بال چیمپیئن شپ 2 سے 10 نومبر تک عراق میں کھیلی جائے گی۔ اسلام آباد کے فٹ بالروں نے اسلام آباد میں ٹرائلز منعقد کروانے پر پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی نارملائیزیشن کمیٹی کا شکریہ ادا کیا ہے۔