نئی دہلی(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے کے لیے مشہور سابق بھارتی کرکٹر اور بی جے پی کے رکن اسمبلی گوتم گمبھیر کرپشن میں ملوث نکلے ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی پولیس نے سابق بھارتی کرکٹر کے خلاف بدعنوانی اور دھوکہ دہی کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بی جے پی رہنما نے پراپرٹی کے کاروبار میں کروڑوں روپے کی کرپشن کی ہے،ان کے خلاف مقدمے کے لیے درخواست 50سے زیادہ فلیٹ مالکان کی جانب سے دائر کی گئی تھیں
فلیٹ مالکان نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ انہوں نے 2011میں ضلع غازی آباد میں فلیٹس خریدے تاہم اب تک پراپرٹی کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں دیکھنے کو ملا اور انہیں دیگر معاملات کے بارے میں بھی اندھیرے میں رکھا گیا ،37سالہ گوتم گمبھیر یہ پراجیکٹ چلانے والے کمپنی کے ڈائریکٹر اور برانڈ ایمبیسیڈر تھے اور ان پر الزام ہے کہ انہوں نے لوگوں کو اس پراجیکٹ میں سرمایہ کاری کرنے پر راضی کیا ،دہلی پولیس نے تحقیقات کے بعد گوتم گمبھیر کے خلاف چارج شیٹ بھی عدالت میں جمع کروا دی ہے ۔