کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کے نوجوان بلے باز بابر اعظم نے رواں سال ون ڈے میچز میں ایک ہزار رنز مکمل کرلیے۔بابر اعظم نے یہ کارنامہ رواں سال اپنی 19 ویں اننگز میں انجام دیا جس کے بعد وہ ایک سال میں ہزار رنز بنانے والے تیز ترین پاکستانی کرکٹر بن گئے۔بابر اعظم نے سال 2019 میں اپنا ہزارواں رن سری لنکا کے خلاف دوسرے ون ڈے میں اپنی اننگز کے 54 واں رن مکمل کرکے حاصل کیا۔ وہ 2013 کے بعد کسی کلینڈر ائیر میں ہزار ون ڈے رنز بنانے والے پہلے پاکستانی ہیں۔ان سے قبل 2013 میں مصباح الحق اور محمد حفیظ نے سال میں ہزار، ہزار رنز بنائے تھے۔24
سالہ بابر اعظم، مجموعی طور پر پاکستان کے 10ویں کھلاڑی ہیں جنہوں نے سال میں ایک ہزار یا زائد ون ڈے رنز بنائے ہوں، ان سے قبل محمد یوسف یہ کارنامہ 3 بار انجام دے چکے ہیں جبکہ اعجاز احمد، عامر سہیل، محمد حفیظ اور انضمام الحق نے دو ، دو مرتبہ سال میں ہزار ون ڈے رنز بنائے ہیں۔جاوید میانداد، مصباح الحق، یونس خان اور سعید انور نے یہ کارنامہ ایک، ایک بار انجام دیا۔نوجوان بیٹسمین بابر اعظم اس سے قبل بھی پاکستان کیلئے ون ڈے کے متعدد ریکارڈز بناچکے ہیں اور ان کا شمار دور حاضر میں وائٹ بال کے بہترین کرکٹرز میں ہوتا ہے۔