قائداعظم ٹرافی سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ،سنٹرل پنجاب اور بلوچستان کے درمیان میچ ڈرا

لاہور( سپورٹس لنک رپورٹ ) اتفاق کرکٹ گراؤنڈ لاہور میں سنٹرل پنجاب اور بلوچستان کی سیکنڈ الیون ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا میچ بے نتیجہ ختم ہوگیا۔ دوسری اننگز میں بلوچستان نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 138 رنز کی برتری حاصل کی تھی کہ میچ کے لیے مقررہ وقت ختم ہوگیا۔ 114 رنز کے خسارے سے دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی بلوچستان کی ٹیم نے تیمور علی کی سنچری کی بدولت کھیل کے اختتام پر 4وکٹوں کے نقصان پر 252 رنزبنائے۔ پہلی اننگز میں نصف سنچری اسکور کرنے والے تیمور علی نے دوسری اننگز میں 104 رنز اسکور کیے۔ اکبر الرحمن نے 57 رنز کی اننگز کھیلی۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 126 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ اس سے قبل سنٹرل پنجاب نے بلوچستان کے 276 رنز کے جواب میں پہلی اننگز میں 390 رنز اسکور کیے تھے۔ سنٹرل پنجاب اور بلوچستان کے درمیان ساتویں راؤنڈ کا میچ ایک روز تاخیر سے شروع ہوا تھا۔

تعارف: newseditor