پشاور (نواز گوہر) 33ویں نیشنل گیمز کا میدان آج بروز اتوار پشاور اسپورٹس کمپلیکس میں سجے گا، دس ہزار کھلاڑی و آفیشلز 32 مردوں اور 27 خواتین گیمز میں شرکت کریں گے۔پشاور اسپورٹس کمپلیکس سمیت مختلف مقامات پر کھیلوں کا انعقاد کیا جائے گا۔خیبرپختونخوا میں 9 سال بعد منعقد ہونے والے 33ویں نیشنل گیمز کی افتتاحی تقریب پشاور اسپورٹس کمپلیکس میں صبح 10 بجے منعقد کی جائے گی۔چاروں صوبوں سمیت گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، پاک آرمی، پی اے ایف، ریلوے، پاکستان پولیس، نیوی، ایچ ای سی، واپڈا اور اسلام آباد پر مشتمل 10 ہزار کھلاڑی اور آفیشلز کے دستے پشاور پہنچ چکے ہیں، یہ کھلاڑی 32 مختلف مقابلوں میں مد مقابل ہونگے۔نیشنل گیمز کی افتتاحی تقریب کے سلسلے میں گزشتہ روز ریہرسل پشاور کے قیوم اسپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوئی جس میں ان دستوں پر مشتمل تمام کھلاڑیوں نے مارچ پاسٹ میں شرکت کی۔پشاور اسپورٹس کمپلیکس میں اتھلیٹکس، باکسنگ، ہاکی، کراٹے، رسہ کشی، والی بال، ریسلنگ، جبکہ حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس میں آرچری، بیس بال، سافٹ بال، ٹیبل ٹینس اور ووشو شامل ہیں۔
اسی طرح مردوں کے فٹبال کے مقابلے طہماس فٹبال اسٹیڈیم جبکہ خواتین کے مقابلے فرنٹیئر کالج پشاور میں کھیلے جائیں گے۔گالف کے مقابلے پشاور گالف کلب اور سائیکلنگ پشاور اور ایبٹ آباد میں ہونگے، کبڈی کے مقابلے گورنمنٹ کالج پشاور میں جبکہ اسکواش کے مقابلے ہاشم خان اسپورٹس کمپلیکس میں ہوں گے۔نیشنل گیمز کے پانچ مقابلے ایبٹ آباد ڈسٹرکٹ میں منعقد کیے جائیں گے جن میں جمناسٹک، رگبی، جوڈو، تائیکوانڈو اور ویٹ لفٹنگ شامل ہیں، عبدالولی خان اسپورٹس کمپلیکس چارسدہ میں بیڈمنٹن کے مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا۔مردان اسپورٹس کمپلیکس میں باڈی بلڈنگ اور ہینڈ بال کے مقابلے منعقد کیے جائینگے، خیبرپختونخوا کے علاوہ چار مختلف گیمز ملک کے دیگر شہروں میں کھیلے جائیں گی۔کراچی میں سیلنگ، جہلم میں شوٹنگ، اسلام آباد میں سوئمنگ اور روونگ کے مقابلوں دیکھنے کو ملیں گے۔