لاہور (سپورٹس لنک رپورٹ) مشتاق احمد کو اسپن بولنگ کنسلٹنٹ مقررکرنے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق اسپن بولنگ کنسلٹنٹ کیلئے مشتاق احمد کو ذہن میں رکھ کر اشتہار تیار کیا گیا ہے۔ واجح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نےگزشتہ دنوں قومی ٹیم کیلیے اسپن بولنگ کنسلٹنٹ کا اشتہار جاری کیا ہے اور
اس کیلیے لیول تھری کوچنگ سرٹیفائیڈ ہونااور الیٹ کرکٹرز، نیشنل یا انٹرنیشنل ٹیم کے ساتھ پانچ سالہ تجربہ لازمی قرار دیا گیا، درخواست دینے کی آخری تاریخ 19 نومبر ہے۔
ذرائع کے مطابق ہمیشہ کی طرح بورڈ نے اس بار بھی امیدوار پہلے منتخب کر کے رسمی کارروائی کے لیے اشتہار دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مشتاق احمد یہ عہدہ سنبھالنے کے لیے فیورٹ ہیں، وہ ورلڈکپ میں ویسٹ انڈیز کے اسپن بولنگ کوچ تھے، انھوں نے 2018ء میں سال میں 150دن تک کام کرنے کا معاہدہ کیا تھا، ان دنوں ابوظبی میں جاری ٹی10لیگ میں مشتاق دکن گلیڈی ایٹرز کے ساتھ منسلک ہیں۔بتایا گیا ہے کہ ہیڈ کوچ
مصباح الحق نے مشتاق احمد کو اپنے سپورٹ اسٹاف میں دیکھنے کی خواہش ظاہر کی جس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔یاد رہے کہ مصباالحق کو دہری ذمہ داریاں سونپنے پر مشتاق احمد نے انکی مخالفت بھی کی تھی،۔ ذرائع کے مطابق سابق اسپنر ثقلین مشتاق بھی اسپن بولنگ کنسلٹنٹ بننے والے امیدواروں میں شامل ہیں لیکن مصباح الحق کا ووٹ مشتاق احمدکو حاصل ہے۔