گابا ٹیسٹ میںخراب کارکردگی،وسیم اکرم نے ملبہ محمدعامر اور وہاب ریاض پرڈال دیا

لاہور (سپورٹس لنکرپورٹ) پاکستان کے مایہ ناز سابق کپتان وسیم اکرم کا ماننا ہے کہ محمد عامر اور وہاب ریاض کی وقت سے پہلے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ پاکستان کی گابا ٹیسٹ میں ناقص کارکردگی کی وجہ ہے۔تفصیلات کے مطابق غیر ملکی خبر رساں ادارے کو دئیے گئے انٹرویو میں وسیم اکرم نے کہا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ساتھ کچھ ایسا ہوا ہے کہ دو بہترین باؤلرز محمد عامر اور وہاب ریاض ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہو گئے ہیں،پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور پورے ملک نے محمد عامر پر 5 سال سرمایہ کاری کی۔

وہ صرف 27 سال کے ہیں اس لئے انہیں چاہئے تھا کہ وہ آسٹریلیا آتے اور ٹیسٹ سیریز کھیلتے، اور چاہتے تو اگلے سال ریٹائرمنٹ لے سکتے تھے، پاکستان کا یہی مسئلہ ہے۔وسیم اکرم نے کہا کہ اگر میں پی سی بی ہوتا تو ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کے بعد محمد عامر کو سینٹرل کنٹریکٹ بھی نہیں دیتا۔ دونوں ہی جانتے تھے کہ یہ دورہ مشکل ہو گا اور محدود اوورز کی کرکٹ آسان ہے، اس لئے انہوں نے سوچا کہ ہم پوری دنیا میں لیگز کھیل کر پیسہ بنائیں گے۔ میں پیسہ کمانے کے حق میں ہوں لیکن زیادہ تر معاملات میں ملک کو ہی ترجیح دینی چاہئے۔

error: Content is protected !!