لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کےلئے 10 برسوں کے بعد میدان آباد ہو رہے ہیں ، 2015 ءسے مختصر دورانیے کی کرکٹ کراچی اور لاہور میں ہو رہی ہے جس میں شائقین کرکٹ نے مہنگے داموں کے ٹکٹ ہونے کے باوجود دلچسپی کا اظہار کیا۔اب پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کےخلاف ٹیسٹ سیریز میں شائقین کرکٹ کی توجہ حاصل کرنے کےلئے منصوبہ بندی شروع کر دی ہے اور سیریز کے لیے ٹکٹوں کی قیمت کم سے کم رکھی جائےگی ۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کو اندازہ ہے کہ جس طرح ٹی ٹونٹی یا ون ڈے کرکٹ میں عوام کی دلچسپی ہوتی ہے ویسی ٹیسٹ کرکٹ کےلئے نہیں ہوگی جسکے باعث یہ فیصلہ یہ کیا جا رہا ہے کہ دونوں ٹیسٹ میچوں کے لیے ٹکٹوں کے دام کم سے کم رکھے جائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ تماشائی سٹیڈیمز کا رخ کریں۔ذرائع کے مطابق مہنگا ترین ٹکٹ 500 روپے کا ہوسکتا ہے لیکن اسکے امکانات بھی کم سے کم ہیں جبکہ زیادہ انکلوژرز کے ٹکٹوں کے نرخ 100 اور 200 روپے ہوں گے۔
کرکٹ بورڈ سکولوں کے بچوں کو بھی میچوں کے دوران سٹیڈیمز مدعو کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے ۔ذرائع کے مطابق بتایا گیا ہے کہ آئندہ ہفتے پاکستان کرکٹ بورڈ ٹکٹوں کی فروخت اور اس کے طریقہ کار کا اعلان کرےگا۔پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 11 دسمبر سے راولپنڈی میں کھیلا جائےگا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 19 دسمبر سے نیشنل سٹیڈیم ،کراچی میں ہوگا۔