تاحیات پابندی کی معطلی کیلئے دانش کنیریا کی پی سی بی کو درخواست

کراچی: (سپورٹس لنک رپورٹ) کرکٹر دانش کنیریا نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے نام اپنے خط میں درخواست کی ہے کہ میری تاحیات پابندی کو معطل کیا جائے۔خیال رہے کہ سابق کرکٹر دانش کنیریا پر 2012ء میں کاؤنٹی کرکٹ میں سپاٹ فکسنگ کے الزام میں تاحیات پابندی لگائی گئی تھی۔

انہوں نے اپنی ٹویٹ کے ذریعے بتایا ہے کہ میں نے اپنی لیگل ٹیم کے ذریعے پی سی بی کے روبرو درخواست دائر کر دی ہے۔خیال رہے کہ دانش کنیریا نے اس سے قبل تاحیات پابندی کا خاتمہ کرانے کیلئے بی سی سی آئی کے صدرسارو گنگولی سے امیدیں وابستہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر وہ آئی سی سی کے چیئرمین بن گئے تو مجھے یقین ہے کہ وہ ہر ممکن مدد فراہم کریں گے۔

اس سے قبل سابق لیگ سپنر دانش کنیریا نے گزشتہ سال وزیراعظم عمران خان سے مدد مانگی تھی۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ میں وزیراعظم سمیت تمام لیجنڈری کرکٹرز، پاکستان اور دیگر ملکوں کے کرکٹ منتظمین سے درخواست ہے کہ مشکل صورتحال سے نکالنے میں میری مدد کریں لیکن میرے معاملے کو سیاسی رنگ نہ دیا جائے۔

error: Content is protected !!