اسلام آباد(سپورٹس لنک رپوٹ) پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان بھی مشکل گھڑی میں پاکستانی قوم کی مدد کے لئے میدان میں اتر آئے۔ اسلام آباد میں عامر اکیڈمی میں امدادی راشن پہنچا دیا گیا ہے جہاں راشن کی پیکنگ کی گئی جس کے بعد عامر خان اکیڈمی کی جانب سے 5 ہزار مستحق خاندانوں کو راشن پہنچایا جائے گا۔
5 ہزار بنیادی اشیاء خورد و نوش کے بیگ پاک فوج کے حوالے کئے جائیں گے، امدادی بیگز میں آٹا، دالیں، گھی اور بنیادی ضرورت کی اشیاء ڈالی گئی ہیں۔ملک کے دور دراز اور مستحق خاندانوں کو یہ راشن پہنچایا جائے گا۔ یاد رہے کہ کورونا وائرس سے جہاں دنیا بھر میں لاکھوں لوگ متاثر اور ہزاروں ہلاک ہوچکے ہیں وہیں پاکستان میں بھی یہ وائرس اب تک 4 ہزار 112 افراد کو متاثر کرچکا ہے جب کہ 60 افراد وفات بھی پاچکے ہیں۔
ملک میں رواں ماہ کے آغاز سے کورونا وائرس کے کیسز میں دوگنا اضافہ دیکھا گیا ہے جب کہ جس تیزی سے متاثرین کی شرح بڑھ رہی اسی طرح اموات میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔اموات میں سندھ 20 ہلاکتوں کے ساتھ سب سے آگے ہے، خیبر پختونخواہ میں اب تک 18، پنجاب میں 16، گلگت بلتستان میں تین ،بلوچستان میں 2 اور اسلام آباد میں ایک شخص کی کرونا وائرس کے باعث ہلاکت ہوچکی ہے۔