راولاکوٹ(سپورٹس لنک رپورٹ) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کے چیئرمین شاہد خان آفریدی نے راولاکوٹ کا دورہ کیا اور مقامی لوگوں میں راشن تقسیم کیا۔
اس موقع پر انہوں نے راشن کی تقسیم کے لیے کیے گئے انتظامات اور لوگوں کے نظم و ضبط کو سراہا۔ انہوں نے بتایا کہ 2005 کے زلزلے کے بعد راولاکوٹ شہر کی تباہی دیکھ کر دل افسردہ ہو گیا تھا مگر آج شہر کو دوبارہ آباد دیکھ کر دلی اطمینان ملا۔
انکا مزید کہنا تھا کہ راولاکوٹ کے شہریوں سے انہوں نے یہ بات سیکھی ہے کہ چاہے کوئی بھی آفت آ جائے اسکا ہمت اور حوصلے سے مقابلہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے کرونا کی وبا سے نبٹنے کے لیے حکومت کشمیر کے اقدامات کی تعریف کی اور عوام الناس سے درخواست کی کہ وہ اس سلسلے میں حکومت کا ساتھ دیں اور احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں۔
انہوں نے گزشتہ شام باغ میں کشمیریوں سے کیے گئے وعدے کو دہراتے ہوئے کہا کہ وہ پی سی بی سے بات کریں گے کہ اگلے پی ایس ایل میں کشمیر کی کرکٹ ٹیم کو شامل کیا جائے جس کی کپتانی وہ خود کریں گے۔
انکا مزید کہنا تھا کہ شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کشمیر میں بچوں کو تعلیم دینے کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے میدان بھی آباد کرے گی۔