ملتان(سپورٹس لنک رپورٹ)نیشنل ٹی ٹونٹی کپ فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے سنسنی خیز مقابلوں کا آغاز ہوچکا ہے۔ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہونے والے ٹورنامنٹ کے پہلے روز کھیلے گئے دو میچوں میں کُل 806 رنزاور 23 وکٹیں گریں۔ اس دوران بلے بازوں نے 33 چھکے ا ور 79 چوکے لگائے۔
مگر ٹورنامنٹ کے پہلے روز شائقینِ کرکٹ کی توجہ کا مرکز بنا سنٹرل پنجاب کا بیس سالہ نوجوان بلے باز عبداللہ شفیق۔ سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے اس نوجوان نے اپنے ٹی ٹونٹی ڈیبیو پر سنچری داغ کر سنٹرل پنجاب کوسدرن پنجاب کے خلاف باآسانی 7 وکٹوں سے شکست دے دی تھی۔
وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل کے ہمراہ 145 رنز کی شراکت قائم کرنے والے عبداللہ شفیق نے محض 58 گیندوں پر 102 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، اس اننگز میں انہوں نے 11 چوکے اور 4 چھکے لگائے۔
سیالکوٹ شہر کے مقامی کوچ عامر وسیم مرحوم کی کرکٹ اکیڈمی سے اپنے کرکٹ سفر کا آغاز کرنے والے دائیں ہاتھ کے بیٹسمین نے سیالکوٹ ریجن سے انڈر16 اور انڈر19 اور گریڈ ٹو کرکٹ کھیلی، نوجوان بیٹسمین کو گذشتہ سال سیکنڈالیون ٹورنامنٹ میں عمدہ کارکردگی کے بعد قائداعظم ٹرافی فرسٹ کلاس کرکٹ کے ڈیبیو میں سنٹرل پنجاب کی نمائندگی کا موقع ملا تو انہوں نے وہاں بھی سنچری بناڈالی۔ سدرن پنجاب کے خلاف کھیلے گئے اس فرسٹ کلاس میچ میں عبداللہ شفیق نے 209 گیندوں پر 133 رنز بنائے تھے۔
اس موقع پر حریف ٹیم کے کپتان شان مسعود کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے عبداللہ شفیق کا کہنا تھا کہ ابتدائی تین گیندوں پر 2 وکٹیں گرنے کے بعد وہ میدان میں اترتے وقت کچھ دباؤ محسوس کررہے تھے مگر پھر کریز پر کچھ وقت گزارنے کے بعد ان کا اعتماد بحال ہوا۔
عبداللہ شفیق نے کہا کہ نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کا پہلا دن ان کے لیے بہت یادگار رہے گا، نوجوان کرکٹر نے کہا کہ قائداعظم ٹرافی فرسٹ کلاس میچ کے ڈیبیو میں سنچری کی خوشی اپنی جگہ مگر گزشتہ روز ٹی ٹونٹی میچ میں سنچری کا ایک خاص مقام ہے۔