عثمان وزیر نے ایشیئن باکسنگ فیڈریشن ٹائیٹل جیت کر ملک کا نام روشن کیا ہے،ڈی جی سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ

لاہور (سپورٹس لنک رپورٹ)ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشدا ولکھ سے ایشیئن باکسنگ فیڈریشن ٹائیٹل جیتنے والے باکسر عثمان وزیر نے جمعرات کے روزنیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ملاقات کی، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشدا ولکھ نے کہا ہے کہ باکسنگ کے فروغ کے لئے 30کروڑ روپے کی لاگت سے باکسنگ ایرینا بنا رہے ہیں

اس رقم میں مزید اضافہ بھی ہوگا، عثمان وزیر نے ایشیئن باکسنگ فیڈریشن ٹائیٹل جیت کر ملک کا نام روشن کیا ہے، جس پر عثمان وزیر مبارک باد کے مستحق ہیں ، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشدا ولکھ نے مزید کہا ہے کہ باکسنگ کے کھیل کو فروغ دینے کیلئے ہر قسم کے تعاون کے لئے تیار ہیں،باکسنگ ایرینا کی تعمیر سے نوجوان باکسرز کو جدید سہولت میسر آئے گی اور باکسنگ کا کھیل فروغ پائے گا

باکسر عثمان وزیر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب کی حوصلہ افزائی اور رہنمائی سے ہی میں اس مقام پر پہنچا ہوں، سپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے انٹر ڈویژن باکسنگ چیمپئن شپ میں صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین موقع ملا جس سے مجھے آگے بڑھنے کے لئے حوصلہ افزائی ہوئی، عثمان وزیر نے مزید کہا کہ اب عالمی مقابلوں کی تیاری کررہا ہوں جس کے لئے ٹریننگ کیمپ لگانا چاہتا ہوں، سپورٹس بورڈ پنجاب تعاون کرے جس کے جواب میں ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشدا ولکھ نے کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب عثمان وزیر کو عالمی ٹائیٹل کی تیاری کے لئے ہر طرح کی سہولیات دے گا

عثمان وزیر نوجوان باکسرز کے لئے مشعل راہ ہیں۔ واضح رہے کہ باکسنگ کا نیا ٹیلنٹ سامنے لانے کیلئے سپورٹس بورڈ پنجاب نے انٹر ڈویژن باکسنگ چیمپئن شپ منعقد کرائی تھی جس میں عثمان وزیر لاہور ڈویژن کے ٹاپرتھے۔

error: Content is protected !!