لاہور (سپورٹس لنک رپورٹ)۔سیکرٹری یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس پنجاب احسان بھٹہ کی ہدایت پر سپورٹس بورڈپنجاب کے ڈائریکٹر سپورٹس محمد حفیظ بھٹی اور پنجاب آرچری ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے مینجر ترکش کلچرل سنٹر لاہوراُلاش ارتاس (Ertas Ulas) سے ایوان اقبال میں ملاقات کی
آرچری کے عہدیداروں میں صدر پنجاب آرچری ایسوسی ایشن عمران علی، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ آرچری منظر فرید شاہ،فنانس سیکرٹری کشور عباس،چیئرمین آرچری اکیڈمی جھنگ فخر شاہ اور اورنگزیب شامل تھے، ملاقات میں پاکستان اور ترکی کے درمیان آرچری کے فروغ کے لئے دونوں ممالک کے کوچز کے دورے کرنے اور کوچز کی ٹریننگ کی تجویز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ترکش کلچرل سنٹر لاہورکے مینجر اُلاش ارتاس نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے برادرانہ تعلقات ہیں، دونوں ممالک اسلام کے رشتے سے مضبوطی سے بندھے ہوئے ہیں، ہمیں ایک دوسرے کے تجربات اور صلاحیتوں سے استفادہ حاصل کرنا چاہئے، انہوں نے کہا کہ آرچری (تیر اندازی) ترکی کا روایتی کھیل ہے، دونوں ممالک کے کوچز کو دورے کرنا چاہئے تاکہ دونوں ممالک ایک دوسرے سے سیکھیں،کوچز کو ٹریننگ بھی دی جائے
پاکستان میں آرچری کے فروغ کے لئے ہر طرح سے تعاون کریں گے، آرچری کا سامان بھی دیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان آرچری میں حصہ لیں، ڈائریکٹر سپورٹس محمد حفیظ بھٹی نے الاش ارتاس کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ آرچری کے فروغ کے لئے مل کر کام کرنے کے لئے تیار ہیں، ہمارے کوچز ترک کھلاڑیوں کو اولمپک کی آرچری سکھائیں گے جبکہ ترک کوچز پاکستانی کھلاڑیوں کو ترکش آرچری سے روشناس کرائیں گے، اس سلسلہ میں جلد ہی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کریں گے،انہوں نے مزید کہاکہ سپورٹس بورڈ پنجاب آرچری کو بھرپور فروغ دے رہا ہے، نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں آرچری کے کھلاڑیوں کو تربیت دینے کے لئے گراؤنڈ بھی فراہم کیا گیا ہے، پنجاب آرچری ایسوسی ایشن کے صدر عمران علی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم سیکرٹری یوتھ افیئرزاینڈ سپورٹس پنجاب احسان بھٹہ، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ اور الاش ارتاس کے شکرگزار ہیں جو آرچری کے فروغ کے لئے تعاون کررہے ہیں،پنجاب آرچری ایسوسی ایشن بھی اس معاملے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریگی۔