پہلا ویمنز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل : ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو ایک رن سے ہرادیا

پہلا ویمنز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل : ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو ایک رن سے ہرادیا

خوشی اس بات کی ہوتی اگر ہم میچ جیت جاتے ۔فاطمہ ثنا

ہم نے اچھی فائٹ کی لیکن آخری لمحات میں بدقسمتی رہی۔فاطمہ ثنا

ابتدا میں سعدیہ اور ڈیانا نے اچھی بولنگ کرکے مومینٹم بنادیا تھا۔فاطمہ ثنا

بیٹنگ میں ہم اچھا کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکے 123رنز کا ٹارگیٹ حاصل کرنا چاہیے تھا۔فاطمہ ثنا

کوشش ہوگی کہ اگلے میچوں میں بیٹنگ سے ٹیم کو جتوائیں ۔فاطمہ ثنا

کراچی 26 اپریل، 2024:

ویسٹ انڈیز ویمنز نے پاکستان ویمنز کو پانچ میچوں کی سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں دلچسپ مقابلے کے بعد صرف ایک رن سے شکست دیدی۔

جمعہ کے روز نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز ویمنز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 122 رنز بنائے۔

جواب میں پاکستان ویمنز ٹیم 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر121 رنز بنانے میں کامیاب ہوسکی۔ آخری اوور میں پاکستان ویمنز کو جیتنے کے لیے 12 رنز درکار تھے تاہم اس اوور میں 10 رنز بن پائے۔

پاکستان ویمنز نے میچ کا آغاز زبردست انداز میں کیا اور میچ کی دوسری ہی گیند پر سعدیہ اقبال نے ون ڈے سیریز کی کامیاب ترین بیٹر ہیلی میتھیوز کو صفر پر وکٹ کیپر نجیہہ علوی کے ہاتھوں کیچ کرادیا۔ دوسری جانب ڈیانا بیگ نے شیمین کیمبل کو 2 کے انفرادی اسکور پر ایل بی ڈبلیو کردیا۔

اس موقع پر اسٹیفنی ٹیلر اور کیانا جوزف نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 55 رنز کا اضافہ کیا۔
69 کے اسکور پر پاکستان ویمنز کو ایک اور اہم کامیابی ملی جب طوبٰی حسن نے سدرہ امین کے کیچ کی مدد سے اسٹیفنی ٹیلر کی وکٹ حاصل کرلی جنہوں نے چار چوکوں کی مدد سے 30 رنز بنائے۔

کیانا جوزف 34 رنز بناکر ندا ڈار کی گیند پر فاطمہ ثنا کے ہاتھوں کیچ ہوگئیں۔
پاکستان ویمنز ٹیم کو یکے بعد دیگر دو کامیابیاں اسوقت ملیں جب شیڈین نیشن 13 رنز بناکر فاطمہ ثنا کی گیند پر منیبہ علی کے ہاتھوں کیچ ہوئیں جبکہ آلیا ایلین بغیر کوئی رنز بنائے رن آؤٹ ہوگئیں۔

پاکستانی بولرز کو آخری دو اوورز میں مزید تین وکٹیں مل گئیں ۔شنیل ہنری کو سعدیہ اقبال نےآؤٹ کیا جبکہ ایفی فلیچر اور کرشما راما رک کی وکٹیں فاطمہ ثنا کے حصے میں آئیں۔

پاکستان ویمنز کی طرف سے فاطمہ ثنا نے 24 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ سعدیہ اقبال نے 23رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان ویمنز کی دونوں اوپنرز گل فیروزہ ( 13 ) اور سدرہ امین ( 23) 37 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئیں۔ 17 رنز کے اضافے پر منیبہ علی بھی 18 رنز بناکر آؤٹ ہوگئیں۔ آؤٹ ہونے والی چوتھی بیٹر عائشہ ظفر7 رنز بنا پائیں۔

میزْبان ٹیم کو اسوقت زبردست دھچکہ پہنچا جب کرشما راما رک نے ایک ہی اوور میں عالیہ ریاض ( 12 ) ۔فاطمہ ثنا ( صفر ) اور کپتان ندا ڈار ( 27) کو آؤٹ کرڈالا۔

آخری اوور میں پاکستان ویمنز کو جیتنے کے لیے 12 رنز درکار تھے۔پانچویں گیند پر نجیہہ علوی نے چوکا لگایا تاہم آخری گیند پر طوبٰی حسن رن آؤٹ ہوگئیں۔

کرشما راما رک نے صرف 15رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں جو ان کے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کریئر کی بہترین بولنگ بھی ہے۔وہ اس کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار پائیں۔

سیریز کا دوسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اتوار کو کھیلا جائے گا۔
مختصر اسکور۔
ویسٹ انڈیز ویمنز 122 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ ( 20 اوورز ) ۔ کیانا جوزف 34۔ فاطمہ ثنا 24 / 3 وکٹ ۔ سعدیہ اقبال 23 / 2وکٹ۔
پاکستان ویمنز 121رنز 8 کھلاڑی آؤٹ ( 20 اوورز ) ۔ندا ڈار 27۔ کرشما راما رک 15/ 4 وکٹ۔
نتیجہ ۔ ویسٹ انڈیز ویمنز نے ایک رن سے جیتا۔

error: Content is protected !!