لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان آرچری فیڈریشن کے جنرل کونسل اجلاس میں سیکرٹری فیڈریشن وصال خان کو آئین کی خلاف ورزی، جنرل کونسل اور ایگزیکٹو کمیٹی کے فیصلوں کو نا ماننے پر عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔ جوائنٹ سیکرٹری زینب شوکت کو نئے سیکرٹری کی تعیناتی تک اضافی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔ اس بات کا فیصلہ پی او اے ہاوس لاہور میں پاکستان آرچری فیڈریشن کے ہونے والے جنرل کونسل اجلاس میں کیا گیا۔
اجلاس میں فیڈریشن سے الحاق رکھنے والے تمام یونٹس کے نمائندوں نے بھرپور شرکت کی اور پاکستان آرچری فیڈریشن کے صدر لیفیننٹ جنرل (ر) سید عارف حسن پر ایک مرتبہ پھر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ سید عارف حسن کی زیر صدارت منعقد ہونے والے اجلاس میں سندھ آرچری ایسوسی ایشن نے چار فروری کو ہونے والے الیکشن جس میں سیکرٹری محمد وصال خان کی نامزدگی کی تھی نے اپنی نامزدگی کے کاغذات سے دستبردار ہو گئی۔
اجلاس میں پاکستان آرچری فیڈریشن کے سیکرٹری محمد وصال خان کی جانب سے فیڈریشن کے آئین میں بغےر منظوری کے رد و بدل کرنے کے علاوہ جنرل کونسل اور ایگزیکٹو کمیٹی کے فیصلوں کو ناماننے سمیت ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر کارروائی عمل میں لائی گئی جس پر جنرل کونسل کے تمام ارکان کی حمایت کے ساتھ سیکرٹری جنرل کو فوری طور پر عہدے سے برطرف کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ پاکستان آرچری فیڈریشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) سید عارف حسن نے جنرل کونسل اجلاس کے آخر میں ان پر اعتماد کا اظہار کرنے پر ممبران کا شکریہ ادا کیا۔