کراچی : ایچ ای سی کی ہدایت پر سر سید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے زیر اہتمام ایچ ای سی زون جی ہاکی چیمپئن شپ کے تیسرے روز دو میچز کھیلے گئے۔ پہلے میچ میں ہمدرد یونیورسٹی نے دیوان یونیورسٹی کو باآسانی ایک کے مقابلے میں چار گول سے شکست دی ہمدرد یونیورسٹی کی جانب سے غلام رسول نے چاروں گول اسکور کیے جبکہ دیوان یونیورسٹی کا واحد گول انور زیب نے اسکور کیا۔ دوسرے میچ میں کراچی یونیورسٹی نے ایک دلچسپ اور اعصاب شکن مقابلے کے بعد سر سید یونیورسٹی کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرایا کراچی یونیورسٹی کی جانب سے سید عمر علی اور شازب ارباب نے ایک ایک گول اسکور کیا جبکہ سرسید یونیورسٹی کا واحد گول طاہہ رضا نے اسکور کیا۔ کراچی یونیورسٹی نے زون جی میں پہلی جبکہ سر سید یونیورسٹی نے دوسری پوزیشن حاصل کر کے فائنل راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کر لیا۔
چیمپئن شپ کی فیر پلے ٹرافی دیوان یونیورسٹی نے حاصل کی۔ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی ڈین بیسک سائنسز سر سید یونیورسٹی جناب ڈاکٹر عقیل الرحمان نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں موجودہ حالات کے باوجود چیمپئن شپ میں شرکت کرنے پر تمام ٹیموں کا شکریہ ادا کیا انہوں نے سر سید یونیورسٹی کے اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ کی بھی تعریف کی کہ ان حالات میں انہوں نے اتنی اچھی چمپین شپ منعقد کی، اس موقع پر چیئرمین کراچی ہاکی ایسوسی ایشن گل فراز احمد خان نے اختتامی تقریب کی صدارت کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کی طرف سے ہاکی کے فروغ کے حوالے سے سر سید یونیورسٹی کے اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ کی کاوشوں اور کوششوں کو سراہا اور کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا، انٹرنیشنل ہاکی پلیئر گول کیپر اعجاز کھوکھر نے اختتامی تقریب خصوصی طور پر میں شرکت کی دیگر معزز مہمانوں میں کنور محمد آصف، محمد اکبر، طلعت محمود، عبدالحفیظ خان، شاہ میر خٹک، واصف نثار، عدیل احمد, نعمان الدین, خواجہ مسعود, محسن علی خان, جنید اسلم, آل حسن اور محمد ندیم بھی موجود تھے۔ ٹورنامنٹ ڈائریکٹر کے فرائض عامر صدیقی جبکہ امپائرنگ کے فرائض محمد اصغر اور اخلاق بخاری، ٹیکنیکل آفیشلز کے فرائض اسد ظہیر اور زاہد محمود نے سرانجام دیے۔