ڈربن(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان اور جنوبی افریقہ کی خواتین کرکٹ ٹیموں کے مابین تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل سیریز جمعے سے کنگز میڈ کرکٹ اسٹیڈیم ڈربن میں شروع ہوگی۔ یہ آسٹریلیا میں آئی سی سی ٹی ٹونٹی ویمنر کرکٹ ورلڈکپ کے بعد قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی پہلی انٹرنیشنل ٹی ٹونٹی اسائنمنٹ ہوگی۔
قومی خواتین کرکٹ ٹیم اب تک جنوبی افریقہ میں آٹھ ٹی ٹونٹی میچز کھیل چکی ہے۔ ان آٹھ میں سے چھ مرتبہ پاکستان کی ٹیم میزبان جنوبی افریقہ کے مدمقابل آئی، جہاں دو میں اسے کامیابی اور چار میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔قومی خواتین کرکٹ ٹیم نے سال 2019 میں اپنے آخری دورہ جنوبی افریقہ میں یہ دونوں ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز جیتے تھے۔
اس سیریز میں پاکستان کی جانب سے ندا ڈار 192 رنز بناکر سب سے بہترین بیٹراور پانچ وکٹیں حاصل کرنے والی آلراؤنڈر عالیہ ریاض بہترین باؤلر رہیں تھیں۔
دونوں کرکٹرز نے حال ہی میں جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں بھی شاندار کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھا ہے۔عالیہ ریاض نے 136 اور ندا ڈار نے 124 رنز بنائے۔
جویریہ خان،کپتان قومی خواتین کرکٹ ٹیم:
قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان جویریہ خان کا کہنا ہے کہ ٹی ٹونٹی ایک الگ فارمیٹ ہے، یہ ہمارے پاس اس ٹور پر کم بیک کرنے کا ایک اچھا موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے اسکواڈ میں اچھی کرکٹرز شامل ہیں جو کہ یہاں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی اہلیت رکھتی ہیں۔
کپتان نے کہا کہ عالیہ ریاض اور ندا ڈار نے نہ صرف اپنی بیٹنگ کی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا بلکہ ان دونوں نے باؤلنگ میں بھی بہتر کھیل پیش کیا، ڈیانا بیگ کا یہ پہلا دورہ جنوبی افریقہ ہےاور اپنے پہلے ٹور پر ان کی کارکردگی نمایاں رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ قومی خواتین کرکٹ ٹیم میں انعم امین، نشرہ سندھو اور سعدیہ اقبال جیسی باصلاحیت کرکٹرز شامل ہیں، انہیں امید ہے کہ یہ تینوں کرکٹرز ٹی ٹونٹی سیریز میں بہترین کھیل پیش کریں گی۔
جویریہ خان نے کہا کہ پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقہ کے خلاف ایک روزہ سیریز میں اچھا کھیل پیش کیا تاہم وہ بھی فتح حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ میں بیٹنگ آسان نہیں تاہم تین ایک روزہ میچوں میں کنڈیشنز سے آگاہی کے بعد ہم ٹی ٹونٹی سیریز میں مزید بہتر کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔
اسکواڈ:
جویریہ خان (کپتان) ، ایمن انور ، عالیہ ریاض ، انعم امین ، عائشہ نسیم ، عائشہ ظفر ، ڈیانا بیگ ، فاطمہ ثناء ، کائنات امتیاز ، منیبہ علی ، ناہیدہ خان ، نشرہ سندھو ، ندا ڈار ، عمیمہ سہیل ، سعدیہ اقبال ، سدرہ نواز (وکٹ کیپر) اور سیدہ عروب شاہ