آل پاکستان فٹبال‘ عثمان آباد یونین اور سورج ایف سی ٹاپ 4میں شامل



کراچی (اسپورٹس رپورٹر) کے ایم سی اسٹیڈیم کے سبزہ زار پر جاری آل پاکستان آزادی کشمیر فٹبال ٹورنامنٹ کی سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہوگئی۔ایف سی کراچی کے زیراہتمام منعقدہ ٹورنامنٹ کے آخری کوارٹرفائنل میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد ڈسٹرکٹ ساؤتھ چمپئن حیدری بلوچ کو پنجگور کی سورج کلب نے محمد علی کے فیصلہ کن گول کے باعث 1-0سے شکست دے کر سیمی فائنل میں اپنی نشست کنفرم کرلی۔چھٹے منٹ میں حیدری بلوچ کے دفاعی کھلاڑیوں کی غفلت کے باعث سورج کلب کے اسٹرائیکر محمد علی نے زور دار شوٹ سے گیند کو جال کی راہ دکھاکر اپنی ٹیم کو 1-0کی برتری دلادی۔ وقفہ پر مہمان خصوصی ریاض احمد، سابق سیکریٹری، سندھ فٹبال ایسوسی ایشن، (نارملائزیشن کمیٹی)  کا تعارف آرگنائزنگ سیکریٹری ضمیر مشتاق  اور چیف آرگنائزر حمزہ فاروقی نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے کرایا۔ سابق سیکریٹری سینٹرل محمد شمیم، ارشد جمال و دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔حیدری بلوچ کے تجربہ کار کھلاڑیوں نے حریف ٹیم کی برتری کے خاتمے کیلئے ہر ممکن کوشش کی لیکن انہیں کامیابی حاصل نہ ہوسکی اور 0-1کی شکست کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی۔

تیسرے کوارٹر فائنل میں عثمان آباد یونین نے کوئٹہ کی نامور کلب دیبہ محمڈن کو ٹائی بریکر پر 3-2سے شکست کا سامنا کرایا۔ مقررہ وقت میں مقابلہ 1-1سے برابر رہا۔گذشتہ روز کھیلے گئے کوارٹر فائنلز میں ایف سی کلب کراچی نے گزروان کلب گوادر کو 2-0کی شکست سے دوچار کیا۔ فاتح ٹیم کے اسٹار اسٹرائیکر عاقب  نے دو بار گیند کو جال کا راستہ دکھایا۔دوسرے کوارٹر فائنل میں برما محمڈن لانڈھی اور ڈسٹرک ساؤتھ کی ٹاپ کلب موسیٰ لاشاری ایف سی کے مابین دلچسپ میچ کھیلا گیا۔ دونوں ٹیموں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا لیکن مقررہ وقت میں کوئی بھی ٹیم گیند کو جال میں نہ ڈال سکیں اور فیصلہ ٹائی بریکر پر کیا گیا جہا ں برما محمڈن نے فیصلہ کن کامیابی حاصل کرکے سیمی فائنل میں اپنی نشست کو محفوظ کرلیا۔وقفہ کے دوران مہمان خصوصی دوست محمد دانش، سابق سیکریٹری سندھ فٹبال ایسوسی ایشن (نارملائزیشن کمیٹی) کا بحیثیت مہمان خصوصیی دونوں ٹیموں سے تعار ف کرایا گیا۔آج (بروز جمعہ) پہلا سیمی فائنل برما محمڈن اور سورج کلب، پنجگور،  3بجے سہہ پہر کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا سیمی فائنل (بروز ہفتہ) 3بجے سہہ پہر ایف سی کراچی اور عثمان آباد یونین کے مابین کھیلا جائے گا۔ فائنل 7فروری (بروز اتوار) کھیلاجائیگا۔ریفری یوسف منصوری، راشد عبداللہ، الہی بخش  جبکہ میچ کمشنر مولا بخش جبکہ ریفریز ایسیسر استار عبدالطیف تھے۔

error: Content is protected !!