پہلی قائداعظم انٹر ڈویژن ہاکی چیمپئن شپ2021ء ،لاہور اور فیصل آباد ڈویژنز کی ٹیمیں فائنل میں پہنچ گئیں، سیمی فائنلز میں سنسنی خیز مقابلے ہوئے


لاہور (سپورٹس لنک رپورٹ)سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام ہونے والی پہلی قائداعظم انٹر ڈویژن ہاکی چیمپئن شپ2021ء کے سیمی فائنلز میں فیصل آباد ڈویژن اور لاہور ڈویژن کی ٹیمیں سنسنی خیز مقابلے جیت کر فائنل میں پہنچ گئی ہیں، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے کہا کہ سیمی فائنلز میں سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملے جس سے ماضی کی یاد تازہ ہوگئی، تمام ٹیموں نے بہت محنت کی اور اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا

چیمپئن شپ میں ٹیلنٹڈ کھلاڑی سامنے آئے ہیں، یہ ٹیلنٹ قومی سرمایہ ہے جس کو ضائع نہیں جانے دیں گے، جن کو آگے لے کر جائیں گے تاکہ قومی ہاکی ٹیم مضبوط بنے،چیمپئن شپ سے ہاکی کو بہت فروغ ملا ہے، نئے کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی ہوئی ہے، فیصل آباد اور لاہور ڈویژنز کی ٹیمیں فائنل میں پہنچ گئی ہیں ، دونوں ٹیمیں بہت جاندار ہیں امید ہے کہ چیمپئن شپ کا فائنل یادگار ہوگا۔ چیف سلیکٹر پاکستان ہاکی ٹیم اوراولمپئن منظور جونیئر، اولمپئن توقیر ڈار، ہیڈ کوچ پاکستان ہاکی ٹیم خواجہ جنید، سینئر سپورٹس اینکر یحییٰ حسینی، صدر پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن خواجہ خاور، سیکرٹری لیفٹیننٹ کرنل (ر) آصف ناز کھوکھر ، ڈائریکٹر سپورٹس محمد حفیظ بھٹی ،ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس چاند پروین، ڈپٹی ڈائریکٹر رؤف باجوہ اور تمام ڈویژنل سپورٹس افسران بھی اس موقع پر موجود تھے

ہفتہ کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام ہونیوالی پہلی قائداعظم انٹر ڈویژن ہاکی چیمپئن شپ کے سیمی فائنلز کھیلے گئے،پہلا سیمی فائنل فیصل آباد ڈویژن اور بہاولپور ڈویژن کے درمیان کھیلا گیا، میچ میں لاہور ڈویژن نے پہلے تین گول کرکے میچ پر اپنی پوزیشن مضبوط بنالی،دوسرے ہاف میں سنسنی خیز مقابلہ ہوا، بہاولپور ڈویژن نے فیصل آباد ڈویژن پر بھرپورتوڑ حملے کئے اور دو گول کرلئے مگر وہ تیسرا گول کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی

اس طرح پہلا سیمی فائنل فیصل آباد ڈویژن نے 3-2سے جیت لیا اور فائنل تک رسائی حاصل کرلی، فیصل آباد ڈویژن کی جانب سے محمد ساجد نے 2اور معظم نے ایک گول کیا جبکہ بہاولپور ڈویژن کی جانب سے ابصار بن رئوف اور محمد عزیر نے گول کئے۔


دوسرا سیمی فائنل لاہورڈویژن اور سرگودھا ڈویژن کے درمیان کھیلا گیا، دونوں ٹیموں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور ایک دوسرے پر بھرپور حملے کئے ، کھیل کے اختتام تک میچ ایک، ایک گول سے برابر رہا، میچ میں لاہور ڈویژن کی جانب سے کپتان حنان شاہد اور سرگودھا کی جانب سے ابرار ارشد نے گول کئے،جس کے بعد دونوں ٹیموں کو پنلٹی شوٹ آئوٹ دیئے گئے جس میں بھی مقابلہ 3،3گول سے برابررہا

لاہور کی جانب سے شاہزیب، محمد ربیعہ اورمحمد عمار جبکہ سرگودھا کی جانب سے شاہیر،افراہیم منگا اورابرار ارشد نے گول کئے، پنلٹی شوٹ آئوٹ برابر ہونے سے میچ مزید دلچسپ ہوگیا جس کے بعد میچ کا فیصلہ سڈن ڈیتھ(sudden death) پر ہوا جس میں لاہور ڈویژن نے سیمی فائنل 6-5سے جیت لیا۔

لاہور ڈویژن کی جانب سے عمار، کپتان حنان شاہد اور محمد ربیعہ نے گول کئے جبکہ افراہیم منگا اور ابرار ارشد نے گول کئے ، شاہیر نے گیند نیٹ سے باہر پھینک دی۔

error: Content is protected !!