کھیل کود سے ملک و قوم کا مستقبل روشن ہوتاہے،کمشنر مردان

مردان۔ ‘(‘نما ئند ہ حصو صی’) کمشنر مردان ڈویژن منتظر خان نے کہا ہے کہ کھیل کھود سے جسمانی صحت کیساتھ ساتھ ذہنی صحت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں جس کی وجہ سے ایک صحت مند معاشرے کا قیام عمل میں آتا ہے اور ملک وقوم کا مستقبل روشن و تابندہ ہوتاہے۔ ان خیالات کا اظہار کمشنر مردان نے فرسٹ کمشنر مردان ویمن فٹ بال ٹورنامنٹ کے موقع پر اختتامی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ عبد الولی خان یونیورسٹی مردان کے سپورٹس گراؤنڈ میں یوتھ ولنٹیئر ٹاسک فورس مردان اور کمشنر مردان ڈویژن کے باہمی اشترک سے منعقد ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں کل چار ٹیموں نے حصہ لیا جن میں مردان یونائیٹڈ، گرلز کیڈٹ کالج مردان، مردان ٹیم اور وومن فٹ بال کلب کی ٹیمیں شامل تھیں، ٹورنامنٹ کا فائنل مردان یونائیٹڈ نے گرلز کیڈٹ کالج مردان سے 5-3کے سکور کیساتھ ایک کانٹے دار مقابلے کے بعد جیت لیا۔ کمشنر مردان ڈویژن منتظر خان اس موقع پرمہمان خصوصی تھے

۔اسسٹنٹ کمشنر مردان ڈاکٹر ثمن عباس، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر سحرش نگار، عبد الولی خان یو نیورسٹی کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر سید راشد علی، اسسٹنٹ کوآرڈینیٹر عبید اللہ، ڈپٹی کوآرڈینیٹر جنید خان، یوتھ ولنٹیرٹاسک فورس مردان کی کوآرڈینیٹر ماہ نور بیگم کے علاوہ میڈیا کے ارکان اور دیگر افراد نے اس تقریب میں شرکت کی۔ تقریب سے خطاب میں کمشنر مردان نے کھیلوں کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جس ملک کے کھیل کے میدان آباد ہوتے ہیں اس ملک کے ہسپتال ویران ہوتے ہیں، نوجوانوں کو چاہیے کہ نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ کھیلوں پر بھی توجہ دیں تاکہ ایک صحت مند معاشرے کا قیام ممکن ہو، انہوں نے کہا کہ خواتین کو اس قسم کی سرگرمیوں میں بھر پور حصہ لینا چاہیے اور دنیا کی دیگر قوموں کی طرح وہ بھی کھیل کھود میں اپنا حصہ ڈال کر ملک وقوم کا نام روشن کرنے میں اپنا کردا ر ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں اور میں امید کرتاہوں کہ مردان سے خواتین کی مختلف کھیلوں کی ٹیمیں ابھر کر میڈلز جیت کر ملک و قوم کا نام روشن کریں گی۔ انہوں نے کہا آئندہ بھی اس قسم کی ٹورنامنٹس کا انعقاد بھر پور انداز میں کیا جائیگا۔ جس کے لئے آپ سب نے تیاری کرنی ہے، آخر میں کمشنر مردان نے جیتنے والے اور رنر اپ ٹیمز کے کپتانوں میں ٹرافیاں تقسیم کیں۔

error: Content is protected !!