لاہور (سپورٹس لنک رپورٹ) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ کی صدارت میں گزشتہ روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ رئوف باجوہ اور ڈویژنل سپورٹس افسران نے منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے پنجاب کے تمام ڈویژنل سپورٹس افسران سے 10مارچ تک رپورٹ طلب کرلی کہ بتایا جائے کہ ان کے ڈویژن میںکتنے ایونٹس ہوئے، کتنے کھلاڑی شریک ہوئے اور کتنے لوگوں نے سپورٹس سہولیات سے استفادہ حاصل کیا
ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 5 ڈویژنل ہیڈکوارٹرز پر یوتھ سنٹر بنائے جائیں گے اور لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، خوشاب، سیالکوٹ ودیگر شہروں میں نئی آسٹروٹرف بچھائی جائینگی، انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں میں تمام سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور پنجاب کے جمنیزیم ہالز میں تمام سہولیات فوری مکمل کی جائیں، اجلاس میں سپورٹس افسران کی رہائش کا معاملہ بھی زیر غور آیا، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے بروقت رپورٹ تیار کرنے پر ملتان، گوجرانوالہ اور بہاولپور ڈویژن کے افسران کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ تمام سپورٹس افسران اپنے کام کو بروقت مکمل کیا کریں تاکہ معاملات کو جلد نمٹایا جاسکے
اس معاملے میں آئندہ کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، ترقیاتی منصوبے جو مکمل ہوچکے ہیں ان میں اگر کوئی کام رہ گئے ہیں تو ان کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جائے تاکہ کھلاڑیوں کے لئے ان منصوبوں کو کھولا جاسکے اور وہ ان سے فائدہ اٹھا کر اپنے کھیل کو بہتر بنا سکیں
افسران نے مختلف کھیلوں کی چیمپئن شپ منعقد کرانے پر ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ کے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی سرپرستی میں پنجاب بھر میں سپورٹس کی سرگرمیاں عروج پر ہیں، ان چیمپئن شپ میں کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل کیا جارہا ہے۔